Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

مسلسل 100 گھنٹے تک کھانا پکانے کا عالمی ریکارڈ

کھانا پکانے کا طویل ترین ریکارڈ بھارتی شیف لتا ٹنڈن کے پاس تھا
شائع 16 مئ 2023 04:09pm
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

نائیجیرین شہرلاگوس میں 27 سالہ ہیلداباسی کے ہاتھ مسلسل کھانے بنانے میں مصروف تھے اورشیشے کی دیوار کے اس پار لوگوں کی بڑی تعداد انہیں دیکھ رہی تھی، کئی ویڈیو بنانے میں مشغول تھے تو کئی بیلدا کی مہارت پر حیرت زدہ تصاویربنا رہے تھے۔

خبررساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابقمخصوص لباس میں سر پرنیلے رنگ کی ٹوپی پہنے ہیلدا ایسے کھانا بنا رہی تھیں جیسے ارد گرد کوئی موجود ہی نہ ہو، اور کھانا پکانے کا یہ دورانیہ ایک دو نہیں بلکہ مسلسل 100 گھنٹے یعنی کہ 4 روز سے بھی زائد پرمشتمل تھا۔

جمعرات کی شام پونے چھ بجے کچن میں داخل ہونے والی ہیلدا پیر تک مسلسل 100 گھنٹوں تک کھانا بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرنے کی کوشش کے ساتھ باہر نکلیں۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارتی شیف لتا ٹنڈن کے پاس تھا جنہوں نے 2019 میں مسلسل 87 گھنٹوں اور45 منٹ تک کھانا پکا کر اپنا نام گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرا یا تھا۔

گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ انتظامیہ کے مطابق ان تک مسلسل 100 گھنٹے کھانا پکانے کے حوالے سے معلومات پہنچ چکی ہیں تاہم تمام تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد اس ریکارڈ کا اعلان کیا جائے گا۔

ہیلدا باسی نے لاگوس کے ایک تجارتی مرکز پر کھانا پکایا جہاں ان کی جانب سے ریکارڈ بنانے کی کوشش ملکی سطح پر زیرِبحث رہی اورلوگ انہیں دیکھنے کیلئے مسلسل وہاں جمع ہوتے رہے۔ ریکارڈ بنتا دیکھنے کیلئے کئی مقامی مشہورشخصیات بھی آئیں اورلاکھوں لوگوں نے آن لائن اسٹریمنگ سائٹس پر بھی یہ مناظردیکھے۔

اس قدرمحنت کرنے سے متعلق ہیلدا باسی کا کہنا ہے کہ وہ دنیا کو دکھاناچاہتی ہیں کہ نائیجیریا کے نوجوان کس قدرمحنتی اور پرعزم ہیں ۔ اس کوشش کا مقصد افریقہ کی نوجوان خواتین کے لیے مہم چلانا بھی ہے جنہیں معاشرے میں نظراندازکیا گیا۔

انہوں نے نائیجیریا کے کئی مقبول کھانے بنائے جن میں کئی سوپ بھی شامل تھے، اس کے علاوہ مغربی افریقہ کے ممالک میں چاول کی مقبول ترین ڈش ’جولوف رائس‘ بھی مینیو کا حصہ تھی ۔

ہیلدا ہرگھنٹے کے بعد 5 منٹ کا وقفہ لیتی تھیں اور ہر 12 گھنٹے بعد ایک گھنٹے کا بریک لیکر نہانے ، آرام کرنے جیسی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ طبی چیک اپ بھی کرواتی تھیں۔

کھانا بنانے کا وقت بھارتی شیف کے ریکارڈ سے آگے بڑھنے پر نائیجیریا کے صدر نے بھی خاتون شیف کیلئے تعریفی ٹویٹ میں اسے ملک کیلئے بہترین دن قراردیا۔

انہوں نے لکھا کہ ہیلدا باسی کی مہم، خواہش اور بہادری نے ہمارے کھانوں میں لوگوں کی دلچسپی کو بڑھایا۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ابتدائی طور پرہیلدا نے96 گھنٹے تک کھانا پکانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن کچن کے باہر عوام کا جوش وخروش دیکھتے ہوئےانہوں نے یہ وقت مزید چار گھنٹے بڑھا دیا۔

اس کاوش کی مانیٹرنگ کیلئے متعدد سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے تھے جن سے نہ کچن کو مانیٹر کیا گیا بلکہ مختلف چینلز پر بھی ویڈیوز نشرکی گئیں۔

Nigeria

Guinness World Record

longest cooking session

Hilda Bassey