Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

لاہور: جناح ہاؤس میں عوام کا پاک فوج سے اظہار یکجہتی، مختلف شہروں میں بھی ریلیاں

ق لیگ کا افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے 17 مئی کو ریلی نکالنے کا اعلان
اپ ڈیٹ 14 مئ 2023 08:00pm
فوٹو ـــ اسکرین گریب
فوٹو ـــ اسکرین گریب
باجوڑ میں پاک فوج کے حق میں ریلی
باجوڑ میں پاک فوج کے حق میں ریلی

مختلف شہروں میں افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ق) نے 17 مئی کو فوج کے حق میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں جناح ہاؤس میں عوام نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے شمعیں روشن کی ہیں۔ شہریوں کی جانب سے جناح ہاؤس میں خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے شرکاء نے افواج پاکستان سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی فوج کا مورال بلند کرنا چاہیے اور ان کے خلاف ہر قسم کی سازش کو ناکام بنا دینا چاہیے۔

ادھر مانسہرہ میں افواج پاکستان اور ریاستی اداروں کیساتھ اظہار یکجہتی ریلی نکالی گئی۔ جس میں سول سوسائٹی، تاجر برادری، علماء کرام، فلاحی تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔

ریلی مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی ختم نبوت چوک میں جلسہ کی صورت اختیار کرگئی۔ افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے شہداء کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ پاک افواج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔

دوسری طرف باجوڑ میں بھی پاک فوج کے حق میں ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں تاجروں کے ساتھ قبائلی مشران نے بھی شرکت کی۔ باجوڑ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بانی نے ریلی کی قیادت کی۔

ریلی میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ ہم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ایک مخصوص سیاسی پارٹی کی جانب سے پاک فوج کو بدنام کرنے کی سازش کی گئی ، جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

ادھر ہنگو میں بھی سول سوسائٹی کی جانب سے افواج پاکستان اور سیکورٹی اداروں کے حق میں ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں ٹریڈ یونین رہنماؤں اور صحافیوں نے بھی شرکت کی۔

مقررین نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان اور ریاستی اداروں کے ساتھ ہے۔ دشمن ریاستی اداروں اور افواج پاکستان کو نشانہ بنا کر ملک کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔

سرگودہا میں بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ شرکاء نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔

ق لیگ کا ریلی کا اعلان

پاکستان مسلم لیگ (ق) نے 17 مئی کو افواج پاکستان سے اظہار یک جہتی کے لئے ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ ریلی کے انعقاد کا فیصلہ مسلم لیگ ق کی مرکزی قیادت کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔

سربراہ ق لیگ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ریلی 17مئی کو مسلم لیگ ہاؤس سے پریس کلب تک نکالی جائے گی، تاریخ میں پہلی بار کسی سیاسی جماعت نے مسلح افواج کے دفاتر پر حملہ کیا، گھناؤنے جرم میں ملوث افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

رہنما ق لیگ چوہدری سرور کا کہنا ہے کہ پبلک پرائیویٹ اور آرمی پر حملہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ ان واقعات سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ہے۔

PDM

PTI protest

imran khan arrested

Rally in favor of Pakistan Army