عمران خان کو اپنی لوٹ مار کا جواب دینا پڑے گا، عطاتارڑ
وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ القادرٹرسٹ کیس کرپشن کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے، عمران خان کو اپنی لوٹ مار کا جواب دینا پڑے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیراعظم عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک و قوم کے 60 ارب روپے لوٹے، اور کی کرپشن اور چوری پکڑی گئی ہے، عمران خان نے بند لفافے پر کابینہ سے منظوری لی، وزرا کو پتا بھی نہیں تھا کہ لفافے کے اندر کیا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان نے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا، اور 458 کنال زمین القادر ٹرسٹ کے نام پر لی، جس کے ٹرسٹی خود عمران خان اور ان کی اہلیہ ہیں، القادرٹرسٹ کے کاغذات پر کسی اور کے دستخط نہیں بلکہ عمران خان اور بشری بی بی کے دستخط موجود ہیں۔ یہ میاں بیوی کے نام پر ایک جعلی ٹرسٹ ہے، کچھ زمین بنی گالہ میں فرح گوگی کے نام کروائی گئی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ القادرٹرسٹ کیس کرپشن کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے، ’ 170 ملین پاونڈ جو ستر ارب روپیہ بنتا ہے وہ قومی خزانے میں جمع کروانے کے لیے بطور جرمانہ پاکستان بھجوایا گیا تھا اس پر عمران خان نے اپنی دکان کھول لی، اس بلیک منی کو وائٹ کرنے کے لیے ایک جھوٹا ٹرسٹ بنایا گیا، عمران خان کو اپنی لوٹ مار کا جواب دینا پڑے گا۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ہدایت پرشرپسندوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، اور جناح ہاؤس پر حملہ کیا۔
Comments are closed on this story.