ریڈیو پاکستان کی عمارت جلانے کا ہدف عمران خان نے دیا تھا، احسن اقبال
وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ریڈیو پاکستان کی عمارت جلانے کا ہدف عمران خان نے دیا تھا، وہ اپنے پسندیدہ چیف جسٹس کی چھتری کے نیچے چھپ نہیں سکیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران نیازی دوسروں سے رسیدیں مانگتے تھے، اپنی رسیدیں دینے کی باری آئی تو آپ رونےلگ گئے، ان کے درجنوں اکاؤنٹ پکڑے جا چکے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان بیرون ممالک سے چندہ اکٹھا کرکے سیاست چلاتے تھے، بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو بذریعہ حوالہ ہنڈی پیسہ بھیجنے کا کہا گیا، 190 ملین پاؤنڈ منی لانڈرنگ کے تحت ضبط ہوا، منی لانڈرنگ کے ذریعے آنے والی رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی گئی، آپ نے فنانشنل ٹائمز کیخلاف برطانیہ میں مقدمہ کیوں نہیں کیا، آپ اگر قانونی چارہ جوئی کرتے تو آپ کی چوری برطانیہ میں بھی پکڑی جاتی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اب آپ عدالتوں کے پیچھے چھپ رہے ہیں، آپ اپنے پسندیدہ چیف جسٹس کی چھتری کے نیچے چھپ نہیں سکیں گے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کے اتحاد اور یکجہتی کو پارہ پارہ کیا ہے، عمران خان تشدد اور لاقانونیت کے پیچھے چھپ کر بچنا چاہتے ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی کے بعدپی ٹی آئی دوسری جماعت ہے جس نے اسکولوں کوجلایا، پاکستان ایک غیرعلانیہ جنگ کاسامنا کر رہا ہے، عمران خان کے ذریعے معیشت اور سی پیک کو تباہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے چور اور ڈاکو کا کھیل کھیلا، کہتے ہیں میں گرفتارہوگیا نہیں پتا پیچھے کیا ہوا، جب کہ آپ کی گرفتاری کے بعد مراد سعید نے کہا تمام کارکن اپنا ٹاسک پورا کریں، ریڈیو پاکستان کی عمارت کو جلایا گیا، یہ ٹارگٹ آپ نے دیا تھا۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی وفاق اور جمہوریت کیلئے خطرہ بن سکتی ہے، معاشرے میں تقسیم اور نفرت کا وہ زہر گھولا گیا جس کی مثال نہیں ملتی، عمران خان کو گھناؤنا کھیل کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
Comments are closed on this story.