Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کو سانس لینے میں دشواری

یاسمین راشد نے رات سےکچھ نہیں کھایا اور صبح کا ناشتہ بھی نہ ملا، ذرائع
شائع 14 مئ 2023 12:40pm
فوٹو:سوشل میڈیا
فوٹو:سوشل میڈیا

تحریک انصاف کی سینئر رہنما یاسمین راشد کو سانس لینے میں دشواری ہے، اور انہوں نے رات سے کچھ نہیں کھایا۔

تحریک انصاف کی بزرگ رہنما یاسمین راشد سروسز اسپتال میں زیر علاج ہیں، اور اسپتال کے میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما کو سانس لینے میں دشواری آرہی ہے، ڈاکٹرز نے ان کو 2 سٹی اسکین تجویز کئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یاسمین راشد کو ایمبولینس کے ذریعے سٹی اسکین کیلئے سرجیکل ٹاور لے جایا گیا ہے، انہیں وہیل چیئر پر روم سے ایمبولینس میں منتقل کیا گیا۔

لاہور پولیس یاسمین راشد کی گرفتاری کے لئے اسپتال پہنچ گئی

اس سے قبل پنجاب پولیس یاسمین راشد کو عدالت میں پیش کرنے کے لئے سروسز ہسپتال پہنچ گئی، لیکن خرابی صحت کے باعث میڈیکل بورڈ نے پولیس کو یاسمین راشد کو ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں دی۔

پولیس نے اسپتال انتظامیہ کو مؤقف پیش کیا کہ یاسمین راشد کو ساڑھے11 بجے عدالت میں پیش کرنا ہے، تاہم ڈاکٹرز نے پولیس کو بتایا کہ یاسمین راشد کو سانس کی دشواری کے باعث آکسیجن لگا ہوا ہے۔ اسپتال انتظامیہ نے کہا کہ میڈیکل بورڈ ہی پی ٹی آئی رہنما کو چھٹی دے سکتا ہے۔

یاسمین راشد نے رات سے کچھ نہیں کھایا

ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے یاسمین راشد کو گھر سے کھانا منگوانے سے روک رکھا ہے، پی ٹی آئی رہنما نے رات سے کچھ نہیں کھایا، اور انہیں صبح کا ناشتہ بھی نہیں ملا۔

ذرائع کے مطابق یاسمین راشد نے ڈاکٹرز سے ناشتہ مانگ لیا، اور کھچڑی کی فرمائش کی، جس پر اسپتال انتظامیہ نے انہیں شادمان سے دال چاول منگوا کر کھلائے۔

یاسمین راشد کے خلاف مقدمات

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد لاہور پولیس کو تین مقدمات میں مطلوب ہیں اور ان کے خلاف تھانہ سرور روڈ، گلبرگ اور تھانہ شادمان میں مقدمات درج ہیں، تینوں مقدمات میں دہشتگردی سمیت دیگر سنگین دفعات شامل ہیں۔

گزشتہ رات بھی ماڈل ٹاؤن ڈویژن کی پولیس ڈاکٹر یاسمین راشد کو گرفتار کرنے کے لیے سروسز اسپتال پہنچی تھی، تاہم طبعیت ناسازی کے باعث انہیں اسپتال میں ہی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

یاسمین راشد کی گرفتاری اور رہائی کے احکامات

دو روز قبل پی ٹی آئی رہنما عندلیب عباس نے تصدیق کی تھی کہ سابق وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

گزشتہ روز یاسمین راشد کے وکیل احمد اویس نے لاہور ہائیکورٹ میں یاسمین راشد کو 3 ایم پی او کے تحت نظر بند کرنے کے خلاف درخواست دائر کی، جس پرجسٹس صفدر سلیم شاہد نے سماعت کی۔

یاسمین راشد کے وکیل احمد اویس نے عدالت کو بتایا کہ ستر سالہ کینسر سمیت دیگر امراض میں مبتلا خاتون کو گرفتار کیا گیا، انہیں غیر قانونی طور پر نظر بند کیا گیا ہے۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یاسمین راشد لوگوں کے ہجوم کی سربراہی کررہی تھیں، اگر وہ بیمار ہیں تو بیماروں کا پرائیویٹ اسپتال میں علاج ہوسکتا ہے۔ عدالت کو کسی کے لیے خاص طور پر عدالت نہیں لگانی چاہیئے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ عدالتوں کو متنازعہ نہ بنائیں، ججز ہفتے کے روز عدالت میں آتے ہیں۔

جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ اس بات سے ان کا مقصد عدالت کو متنازعہ بنانا نہیں ہے۔

یاسمین راشد کے وکیل نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر نے نظر بندی کے احکامات جاری کیے جو اس کا اختیار نہیں ہے۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر یاسمین راشد کی نظر بندی کے لیے جاری حکم معطل کرتے ہوئے فوری رہائی کا حکم دیا تھا۔

pti

Yasmin Rashid

imran khan arrested