کوئی ادارہ عمران خان کی ٹائیگر فورس نہیں بن سکتا، بلاول
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی سربراہ عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی دہشت گرد نے جیل جانے کے خوف سے ملک کو آگ لگادی۔
کراچی میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین تحریک انصاف پر تنقیدی تیر چلائے اور عمران خان کی گرفتاری کےخلاف پُرتشدد احتجاج کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی قرار دیا۔
لاہور میں کور کمانڈر ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے واقعات پر ردعمل دیتے ہوئے بلاول نے کہا کہ سیاسی دہشت گردوں نے جناح ہاؤس کو آگ لگائی۔ سیاسی دہشت گرد نے جیل جانے کے خوف سے ملک کو آگ میں دھکیل دیا۔
چیئرمین تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لاڈلے کے سہولت کار ہر جگہ موجود ہیں۔ کوئی ادارہ عمران خان کی ٹائیگر فورس نہیں بن سکتا، ہوش کے ناخن لیے جائیں اپنے دائرے میں رہ کر کام کیا جائے۔ اب ہم روایتی اپوزیشن اور احتجاج نہیں کریں گے، انصاف دو ورنہ چھین لیں گے۔
عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ خود کو بہادر لیڈر کہتا ہے لیکن بالٹی پہنے بغیر گھر سے نکل نہیں سکتا۔ اس نے ایک رات بھی جیل میں نہیں گزاری۔ کپتان ایک رات بھی گیسٹ ہاؤس میں برداشت نہیں کرسکا۔
ان کا کہنا تھا کہ جیل کے خوف سے انہوں نے پورے پاکستان کو جلادیا۔ کہتا ہے جج صاحب مجھے رہا کرو، میں پورے دن باتھ روم نہیں گیا۔ بالٹی والے لیڈر نے اپنی ذات کی خاطر پاکستان کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے سوال کیا کہ کے ایم سی کے ٹینکر اور ریڈ بس نے عمران خان کا کیا بگاڑا تھا کہ انہیں جلادیا گیا۔ عمران خان اس قدر بزدل ہیں کہ جہاں فریال تالپور اور آصف زرداری کو بھیجا وہاں جانے سے ڈرتے ہیں۔
وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ سیاست کرنی ہے تو پی ٹی آئی کو عسکری ونگ علیحدہ کرنا ہوگا، تحریک انصاف کے پُرامن کارکنوں کو ملک میں کی گئی حالیہ دہشتگردی کی مذمت کرنی چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی الیکشن لڑنا بھی جانتی ہے اور جیتنا بھی جانتی ہے، ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، پیپلز پارٹی الیکشن کےلیے تیار ہے۔ ہم اپنے سیاسی مخالفین کو ووٹ کی طاقت سے ہرائیں گے۔ صوبائی حکومت اور بلدیاتی انتخابات میں جیت کے بعد وفاق بھی پیپلز پارٹی کا ہوگا۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ کراچی میں تقسیم کی سیاست چلتی تھی۔ جیالوں نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کردیا۔ ہم نے بانی ایم کیو ایم کا مقابلہ کیا عمران کیا چیز ہے۔ بلدیاتی الیکشن تاریخی الیکشن تھے، کراچی سے کشمور تک جیالوں کی حکومت ہوگی۔
Comments are closed on this story.