Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سپریم کورٹ کے باہر جے یو آئی اور پی ڈی ایم کا دھرنا، مریم نواز اسلام آباد پہنچ گئیں

جے یو آئی نے چاروں صوبوں سے کارکنوں کے قافلے اسلام آباد لانے کی تیاری شروع کردی۔
اپ ڈیٹ 13 مئ 2023 09:57pm
جے یو آئی کے کارکنان 5 نومبر 2019 کو اسلام آباد میں حکومت مخالف ”آزادی مارچ“ میں شریک ہیں۔ (علامتی تصویر بزریعہ اے ایف پی)
جے یو آئی کے کارکنان 5 نومبر 2019 کو اسلام آباد میں حکومت مخالف ”آزادی مارچ“ میں شریک ہیں۔ (علامتی تصویر بزریعہ اے ایف پی)

جمیعت علماء اسلام (ف) نے 15 مئی کو سپریم کورٹ کے باہر دھرنے کی تیاریاں شروع کردیں، ساتھ ہی چیف جسٹس کے استعفے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان بھی کر دیا۔ جے یو آئی کے کارکنوں کے قافلے کوئٹہ اور کراچی سے کل اسلام آباد روانہ ہوں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے ریڈ زون جانے والے راستوں کو جے یو آئی کے کارکنان کیلئے بند کر دیا۔ جے یو آئی کے کارکنان نے سیرینہ چوک میں گاڑیاں کھڑی کر کے احتجاج شروع کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آرڈر ملا ہے کہ کسی بھی کارکن کو ریڈ زون نہیں جانے دیا جائے۔

جے یو آئی نے چاروں صوبوں سے کارکنوں کے قافلے اسلام آباد لانے کی تیاری شروع کردی ہے۔ کوئٹہ اور کراچی سے جے یو آئی کے قافلے کل اسلام آباد روانہ ہوں گے، پشاور اور پنجاب سے کارکنان پیر کو اسلام آباد روانہ ہوں گے۔

پشاور کے قافلے کی قیادت مولانا عطاالرحمان کریں گے، کے پی کے جنوبی اضلاع کے قافلے کی قیادت اکرم خان درانی کریں گے، سندھ کے قافلے کی قیادت راشد محمود سومرو کریں گے، بلوچستان کی قیادت مولانا عبدالغفور حیدری اور مولانا عبدالواسع کریں گے، جبکہ پنجاب سے قافلے کی قیادت ڈاکٹر عتیق الرحمان کریں گے۔

ترجمان جے یو آئی کا کہنا ہے کہ دھرنے میں جے یو آئی کے ایک لاکھ سے زائد کارکنان شرکت کریں گے۔

جے یو آئی رہنما مولانا عطاالرحمان کا کہنا ہے کہ 10 ہزار کے قریب رضاکار ڈیوٹی دیں گے، خیبرپختونخوا انصار الاسلام کے ذمہ تمام اضلاع میں سالاروں کو منظم کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

’دھرنا غیرمعینہ مدت کے لیے ہوگا‘

جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی کس نے تربیت کی ہے، سیاست کے معنی پھانسی بھی ہیں، سیاست کے معنی قید مشقت بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں دہشتگردوں کا گروپ ہے، یہ اپنی ہر بات منوانا چاہتے ہیں، کل لاڈلے کی جو ضمانتیں ہوئیں ان کی کوئی مثال ملتی ہے؟

انہوں نے کہا کہ کوئی جمہوریت کا گلا گھونٹے کے لیے کمر بستہ ہوا تو ایسا سبق سکھائیں گے کہ نسلیں یاد رکھیں گی، ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ہمارا دھرنا غیرمعینہ مدت کے لیے ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران نے معیشت کی عمارت کو گرادیا تھا، اب اس معیشت کو اٹھانا ہے اور مہنگائی کم کرنے میں وقت درکار ہے، عالمی اداروں سے معاہدوں نے ہماری معیشت ڈبو دی۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کہتا ہے الیکشن اتنی جلدی نہیں کراسکتا، دفاعی ادارے بھی کہتے ہیں الیکشن کے لیے ابھی تیار نہیں ہیں۔

پی ڈی ایم کی تیاریاں

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز اسلام آباد پہنچ گئیں۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں بتایا کہ مریم نواز قائد محمد نوازشریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کی ہدایت پر پیر کو پی ڈی ایم کے دھرنے میں مسلم لیگ ن کی نمائندگی کریں گی اور مریم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن پی ڈی ایم کے دھرنے میں شرکت کرے گی۔

پی ڈی ایم نے بھی سپریم کورٹ کے سامنے احتجاجی دھرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں، دھرنے کے لئے لاہور سے اسلام آباد تک ریلی نکالی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز ریلی کی قیادت کریں گی اور لیگی رہنما سیف الملوک کو اسلام آباد ریلی کیلئے کنوینئر مقرر کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلی میں زیادہ سے زیادہ کارکنوں کو لانے کی ہدایت کی گئی ہے، ریلی پیر کی صبح 10 بجے ٹھوکر نیاز بیگ سے روانہ ہوگی۔

Supreme Court of Pakistan

Politics May 13 2023

JUIF Sit in