Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران کا بیان اعتراف جرم، آرمی چیف ان کی کرپشن سے آگاہ ہیں، شہباز شریف

وزیراعظم کی عمران خان کی آرمی چیف سے متعلق الزام تراشی کی شدید مذمت
اپ ڈیٹ 13 مئ 2023 11:10am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے پی پی

وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے متعلق الزام تراشی کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی کا بیان پاک فوج کے خلاف اس کی گھٹیا ذہنیت کا ایک اور ثبوت ہے، یہ بیان 9 مئی کے المناک واقعات کے ماسٹر مائنڈ کا اعتراف جرم ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ وہی ذہنیت ہے جس نے محب وطن آرمی افسران پر اپنے قتل کے جھوٹے الزامات لگائے، سائیفر اور بیرونی سازش کی جھوٹی کہانیاں گھڑیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ملک دشمنی اور دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ کے اصل عزائم کا اظہار ہے۔ بیان اعتراف ہے کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ عمران نیازی کے کہنے پر ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیان ثبوت ہے کہ شہدا ءاور غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی، حساس تنصیبات اور عمارتوں پر حملے کے پیچھے منصوبہ بندی عمران خان کی تھی۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ سید عاصم منیر سے تکلیف یہ ہے کہ وہ بطور ڈی جی آئی ایس آئی عمران نیازی، ان کی اہلیہ، فرح گوگی اور پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کی بدترین کرپشن سے آگاہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آرمی کے انتہائی ڈیکوریٹڈ، رینک اینڈ فائل میں ہردلعزیز اور میرٹ پر آرمی چیف بننے والے جنرل سید عاصم منیر کے خلاف ہرزہ سرائی بدنیتی کے سوا کچھ نہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ شمشیر اعزاز اور حافظ قرآن ایماندار آرمی چیف سے عمران نیازی خوفزدہ ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے والی بہادر فوج کے سپہ سالار کے خلاف اس نوعیت کی گفتگو دہشت گردوں کی حمایت ہے اور پوری قوم مسلح افواج اور آرمی چیف کے ساتھ کھڑی ہے۔

جنرل عاصم منیر سے متعلق کوئی بھی غلط بات نہیں سوچی، عمران خان

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی چیف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنرل عاصم منیر سے متعلق کوئی بھی غلط بات نہیں سوچی، یہ پیغام آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو بھی بھیج چکا ہوں، وعدہ ہے کہ اقتدار میں آکر جنرل عاصم منیر کے ساتھ خوشگوار تعلقات رکھوں گا۔

تاہم عمران خان نے یہ بھی کہا کہ تمام واقعات کا ذمہ دار ایک شخص ہے اور وہ ہے ۔۔۔ ۔

عمران خان نے کہا کہ اس شخص کا خدشہ تھا کہ جب مین اقتدار میں آؤں گا تو اسے ڈی نوٹی فائی کر دونگا لیکن میں کسی کو ڈی نوٹی فائی نہیں کرتا۔

pti

Army Chief

اسلام آباد

imran khan

PM Shehbaz Sharif

Politics May 13 2023