Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کسی نے استعفیٰ نہیں دیا، فوج آرمی چیف کی قیادت میں متحد ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

عمران خان ایماندار آرمی چیف سے خوفزدہ ہے، وزیراعظم
اپ ڈیٹ 13 مئ 2023 12:02am
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری۔ فوٹو — فائل
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری۔ فوٹو — فائل

ترجمان پاک فوج میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ پاک فوج آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں متحد ہے اور رہے گی۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی آئی ایس پی آر) جنرل احمد شریف چوہدری نے نے کہا کہ داخلی اور خارجہ محاذ پر شرپسندوں اور دشمنوں کے پروپیگنڈے کے باوجود پاک فوج متحدہ رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں متحد ہے اور رہے گی، فوج میں کسی نے استعفیٰ نہیں دیا، اسے تقسیم کرنے کا خواب، خواب ہی رہے گا۔

ملک میں مارشل لا کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں مارشل لاء کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، آرمی چیف اور عسکری قیادت جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔

عمران خان ایماندار آرمی چیف سے خوفزدہ ہے، وزیراعظم

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کی آرمی چیف سے متعلق الزام تراشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی کا بیان پاک فوج کے خلاف گھٹیا ذہنیت کا ایک اور ثبوت ہے۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان یہ بیان 9 مئی کے المناک واقعات کے ماسٹر مائنڈ کا اعتراف جرم ہے، یہ وہی ذہنیت ہے جس نے محب وطن آرمی افسران پر اپنے قتل کے جھوٹے الزامات لگائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سائیفر اور بیرونی سازش کی جھوٹی کہانیاں گھڑی گئیں جو کہ ملک دشمنی اور دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ کے اصل عزائم کا اظہار ہے جب کہ یہ بیان اعتراف ہے 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ عمران نیازی کے کہنے پر ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان کا یہ بیان ثبوت ہے کہ شہدا ءاور غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی کے پیچھے منصوبہ بندی ان کی تھی، جنرل سید عاصم منیر سے تکلیف یہ ہے کہ وہ بطور ڈی جی آئی ایس آئی عمران نیازی، ان کی اہلیہ، فرح گوگی اور پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کی بدترین کرپشن سے آگاہ ہیں۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ جنرل سید عاصم منیر کے خلاف ہرزہ سرائی بدنیتی کے سوا کچھ نہیں، ایماندار آرمی چیف سے عمران نیازی خوفزدہ ہے، سپہ سالار کے خلاف اس نوعیت کی گھٹیا گفتگو دہشت گردوں کی حمایت ہے۔

ISPR

COAS

DG ISPR

imran khan

PM Shehbaz Sharif

Army Chief General Asim Munir

ٰImran Khan