Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

صدر مملکت کی شہریوں سے پرامن رہنے کی اپیل

شرپسندوں نے سرکاری املاک و فوجی عمارتوں کو نقصان پہنچایا جو قابل مذمت ہے، عارف علوی
شائع 11 مئ 2023 03:23pm

صدر مملکت عارف علوی نے شہریوں سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ چند شرپسندوں نے سرکاری املاک و فوجی عمارتوں کو نقصان پہنچایا جو قابل مذمت ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں موجودہ ملکی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی کاکہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری و زدوکوب کرنے سے پیدا ہونے والی ملک کی موجودہ صورتحال پر شدید پریشان ہوں، انسانی جانوں کا ضیاع دل دہلا دینے والا، باعث تشویش، افسوسناک اور انتہائی قابل مذمت ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ احتجاج پاکستان کے ہر شہری کا آئینی حق ہے، لیکن اسے ہمیشہ قانون کے دائرے میں رہنا چاہیے، لیکن کچھ شرپسندوں نے سرکاری املاک و فوجی عمارتوں کو نقصان پہنچایا ہے وہ قابل مذمت ہے۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ ہمیں جبر اور گرفتاریوں کے بجائے دوبارہ سوچنا چاہیے اور سیاسی حل تلاش کرنا چاہیے، سیاسی اور عسکری قیادت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے، امید کرتا ہوں کہ حالات بہتر ہوں گے، میں ملک کے تمام شہریوں سے پرامن رہنے کی پرزور اپیل کرتا ہوں۔

President Arif Alvi