Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں ہنگامہ آرائی کرنے والے 25 ملزمان کی ضمانت منظور

ملزمان کو 5،5 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم
شائع 11 مئ 2023 01:52pm

شہر میں ہنگامہ آرائی اورجلاو گھیراؤ کے مقدمے میں گرفتار تحریک انصاف کے 25 کارکنان کی ضمانت منظور کرلی گئی۔

کراچی میں ہنگامہ آرائی اور جلاو گھیراؤ کے مقدمے میں پی ٹی آئی کے گرفتار 25 کارکنان کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان کو ہنگامیہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کرتے ہوئے شاہ لطیف ٹاون تھانے کی حدود سے گرفتارکیا گیا تھا۔

عدالت نے تمام پی ٹی آئی کارکنان کی ضمانت منظورکرلی، اور ملزمان کو پانچ پانچ ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

کراچی میں ملینیئم مال کے قریب گرفتاریاں

گزشتہ روز سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد کراچی کے علاقے ڈالمیا روڈ اور گلستان جوہر میں ملینیئم مال پر تحریک انصاف کارکنان نے احتجاج کیا جس پر پولیس نے کارکنان پر لاٹھی چارج کیا۔

کراچی میں پولیس کی جانب سے 350 مشتعل مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا، تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر کراچی میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر بھاری نفری کے ہمراہ میلنئم مال پہنچے، پولیس نے گرفتاریوں کے لیے قیدیوں کی وین طلب کرلی۔

شاہراہ فیصل ایف ٹی سی پل کے قریب اور نرسری کے مقام پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے جو کہ شر پسند عناصر کے خلاف ایکشن لینے کے لیے الرٹ ہے۔

ادھر سندھ پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

پولیس نے خرم شیر زمان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، پی ٹی آئی رہنما گھر پر موجود نہیں تھے جس کے باعث گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ پولیس خرم شیر زمان کے بھائی کو اپنے ہمراہ حراست میں لے کر چلی گئی۔

ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق سندھ پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا۔

سندھ میں بھی دفعہ 144 نافذ

صوبے بھر میں دفعہ 144 کا نافذ کردیا جس کے تحت چار سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی، دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

pti

karachi

imran khan arrested