Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک بھر میں پی ٹی آئی مظاہرے: اب تک 7 ہلاکتیں، پولیس اہلکاروں سمیت 200 سے زائد افراد زخمی

3 ایس پیز،ایک ڈی ایس پی، 4 ایس ایچ اوز بھی زخمیوں میں شامل
اپ ڈیٹ 10 مئ 2023 08:33pm
تصویر بزریعہ اے ایف پی
تصویر بزریعہ اے ایف پی

پشاور سمیت صوبہ بھر میں پی ٹی آئی مظاہروں کے دوران شیلنگ اور ہوائی فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق جبکہ 53 مظاہرین اور 15 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

پشاور کے دو بڑے ہسپتالوں لیڈی ریڈنگ اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دو ہسپتالوں میں 4 لاشیں اور 52 زخمی لائے گئے، جبکہ 12 پولیس اہلکار پولیس سروس ہسپتال میں پہنچائے گئے۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق زخمیوں کو گولیاں لگی تھیں۔ جنہیں فوری طبی امداد دی گئی۔ زخمیوں میں بیشتر کی حالت تسلی بخش ہے، ان کو ٹانگوں اور ہاتھوں پر گولیاں لگی ہیں، ایک کو چہرے پر بھی گولی لگی ہے۔

ایل آر ایچ کا ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ اس وقت ہائی الرٹ پر ہے جبکہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں 7 زخمی لائے گئے۔

پشاورمیں تحریک انصاف کے پرتشدد مظاہرین نے شیرشاہ سوری پل کے قریب ڈیوٹی پر معمور 3 ایس پیز،ایک ڈی ایس پی، 4 ایس ایچ اوز اور 11 اہلکاروں کو زخمی کردیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق زخمیوں میں ایس پی رورل ظفرخان، ایس پی سٹی عبدالسلام خان، ایس پی سیکورٹی عتیق شاہ، ڈی ایس پی شکیل خان بھی شامل ہیں۔

دوسری طرف کوہاٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج میں مشتعل مظاہرین کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے دو کارکن جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔

کراچی

پولیس کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے کئے گئے ہنگاموں میں ایک ایس پی، ایک ڈی ایس پی اور 10 سے زائد اہلکار زخمی ہوئے۔

پنجاب

پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ شرپسندوں نے 130 سے زائد پولیس افسران واہلکاروں کو زخمی کیا ہے۔

تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران گذشتہ روز ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی سمیت ایک ایس پی اور 30 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

علی ناصر رضوی گزشتہ روز کور کمانڈر ہاؤس میں آنکھ پر پتھر لگنے سے زخمی ہوئے تھے۔

پنجاب پولیس کے مطابق شرپسند عناصر کی پرتشدد کاروائیوں میں پنجاب بھر میں 145 اب تک سے زائد افسران واہلکار شدید زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مختلف شہروں سمیت لاہور میں 63، راولپنڈی 28، فیصل آباد 21 اور اٹک میں 10 افسران و اہلکار زخمی ہوئے۔

اسی طرح گوجرانوالہ میں 13 ، سیالکوٹ میں 5 اور میانوالی میں 06 افسران و اہلکار زخمی ہوئے۔

بلوچستان

عمران خان کی گرفتاری کے بعد گذشتہ روز کے ہنگامہ خیز مظاہروں، جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں کوئٹہ میں دس افراد زخمی جبکہ تحریک انصاف کا ایک کارکن جاں بحق ہوا تھا۔

KPK

peshawar

imran khan arrested

politics may 10 2023