Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

پشاور میں ”آج نیوز“ کی ٹیم پر حملہ؛ گاڑی کے شیشے توڑ دیئے

گزشتہ روز دو نجی ٹی وی چینلز کی ٹیموں پر حملہ کیا گیا تھا
شائع 10 مئ 2023 03:57pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پشاور میں پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنان نے آج نیوز کی ٹیم پر حملہ کرکے گاڑی کے شیشے توڑ دیئے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد جہاں ملک بھر میں پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنان مظاہرے اور جلاؤ گھیراؤ کررہے ہیں، وہیں پشاور سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنان کی جانب سے پشاور میں ایکسپریس نیوز اور ڈان نیوز کے ٹیم پر حملہ کیا گیا تھا، اور ان کی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا تھا، اور تازہ صورتحال میں ”آج نیوز“ کی ٹیم پر حملہ کیا گیا ہے، اور کوریج کرنے والی گاڑی کے شیشے توڑ دیئے گئے ہیں۔

ریڈیو پاکستان کی عمارت کو آگ لگا دی گئی

پشاور میں مشتعل افراد نے ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت پر حملہ کیا ہے، عملے نے بھاگ کر جان بچائی۔ مظاہرین نے توڑ پھوڑ کے بعد عمارت کو آگ لگا دی، جس پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان طاہر حسن نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکڑوں شرپسندوں نے ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت پر اچانک دھاوا بول دیا، شرپسند ریڈیو پاکستان پشاور کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوگئے، نیوز روم اور مختلف سیکشن میں تباہی مچا دی۔

طاہر حسن نے بتایا کہ شرپسندوں نے ریڈیو پاکستان پر گزشتہ روز بھی حملہ کیا تھا، آج دوبارہ حملہ کیا اور توڑ پھوڑ کی جس کے بعد آگ لگادی، شرپسندوں نے چاغی یادگار اور ریڈیو آڈیٹوریم کو آگ لگادی۔

ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان نے مزید کہا کہ آتشزدگی سے ریکارڈ اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا، عمارت میں کھڑی گاڑیوں کو بھی آگ لگادی گئی، شرپسند سرکاری سامان لوٹ کر لے گئے، جس میں کیمرے، مائیک اور دیگر دفتری سازو سامان اور آلات شامل ہیں۔

pti

imran khan

imran khan arrested