شرجیل میمن کی کراچی کے عوام سے دکانیں کھولنے اور کام پر آنے کی اپیل
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کراچی کے عوام سے دکانیں کھولنے اور کام پر آنے کی اپیل کردی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کل عمران خان کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا گیا، نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کیا ہے، ان پر اربوں روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سیاسی مخالف کی گرفتاری پر خوش نہیں ہوتی، عمران خان کے دور اقتدار میں آصف زرداری کو گرفتار کیا گیا، فریال تالپور کوعید کی رات کو گھیسٹتے ہوئے لے جایا گیا، آغا سراج درانی آج بھی جیل میں قید ہیں، خورشید شاہ کو بھی گھر میں گھس کر گرفتار کیا گیا تھا۔
شرجیل میمن کا مزید کہنا تھ اکہ عمران خان نے اپنے دور میں سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا، ان کی گرفتاری پر پورے ملک میں ہنگامے ہورہے ہیں۔
صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ ہم نے بینظیر بھٹو کی شہادت پر بھی پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، کل پی ٹی آئی نے پورے ملک میں ہنگامے اور غنڈہ گردی کی، ہم نےغریب عوام کے لیے بسیں چلائیں، انہوں نے کل جلادیں، کیا عوام نے عمران خان کو گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل پی ٹی آئی رہنماؤں نے کارکنان کو سڑکوں پر نکلنے کا کہا، عوام کو اکسانے کے بجائے پریس کانفرنس کرکے القادرٹرسٹ کی تفصیل دیں، پی ٹی آئی کارکنان نے کروڑوں روپے کی بسیں جلائیں، جو بھی قانون کو ہاتھ میں لے گا اس کو سخت ترین سزادی جائے گی، عوامی املاک کو نقصان پہنچانا دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ القادرٹرسٹ کیس صاف اور واضح ہے، پی ٹی آئی کو القادر ٹرسٹ کیس کی وضاحت دینا چاہیئے، ہم اور ہماری لیڈر شپ کبھی بھی گرفتاریوں سے نہیں گھبرائی، کراچی کےعوام سے اپیل ہے کہ دکانیں کھولیں اور کام پر آئیں، شر پسندوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔
رہنما پیپلز پارٹی نے بتایا کہ وزیراعلی سندھ حالات کی پل پل کی خبر لے رہے تھے، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کل غنڈہ لگ رہا تھا، القادرٹرسٹ میں گرفتاری انتقامی کارروائی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل مظاہروں میں شریک لوگوں کی سی سی ٹی وی موجود ہے، مظاہرین کو گرفتار کیا جائے گا کوئی رعایت نہیں کی جائے گی، جلاؤ گھیراؤ کرنے والے قانون کے شکنجے میں آئیں گے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ عمران خان کو عدالت کے باہر سے گرفتار کیا گیا، تمام کیمرے عمران خان کی عدالت کے باہر سے گرفتاری کے ثبوت ہیں، ہم نے اپنی لیڈرشپ کی گرفتاری پر غنڈہ گردی اور سڑکیں بلاک نہیں کی۔
Comments are closed on this story.