ریحام نے عمران خان کی گرفتاری کو ’غوروفکرکا لمحہ‘ قراردے دیا
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نیب کی جانب سے القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیے جانے کے بعد ان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے ابتداء میں تبصرے سے گریز کرتے ہوئے بعد ازاں لکھا کہ یہ خوشی کے بجائے سوچنے کا لمحہ ہے۔
سابق وزیراعظم کو گزشتہ روز دوپہر 2 بجے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کی حدود میں موجود دفترسے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ کمرے میں بیٹھے اپنا بائیو میٹرک کروا رہے تھے۔ نیب نے سابق وزیراعظم کو بدعنوانی کے الزام میں القادرٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔
معاملہ علم میں آنے کے بعد ریحام خان نے عمران خان کا نام لیے بغیراس حوالے سے بات چیت نہ کرنے کیلئے اپنی ٹویٹ میں واضح کیا، ’ میں ایک خاندانی تقریب میں مصروف ہوں۔ تبصرے کے لیے دستیاب نہیں ہوں۔’
بعد ازاں ریحام نے ٹوئٹرپرتقدیر کو ’بے رحم ’ قرار دیتے ہوئے لکھا، ’یہ بار پُرمزاح ہے کہ آج اچانک کتنے ہی پرانے دوستوں نے مجھ سے دوبارہ رابطہ کیا۔‘
عمران خان کی سابقہ اہلیہ نے معاملے پر مزید تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ خوشی کے بجائے سوچنے کا لمحہ ہے، 2018 میں جشن منانے والے آج ماتم کررہے ہیں۔
ایک فالوور نے اس ٹویٹ پر معاملے کے حوالے اسے ان کی شائستگی کو سراہا جس پر ریحام نے ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے، ان کی واحد تشویش پاکستانیوں کی حفاظت اور خودمختاری ہے اور اب بھی ہے۔
ریحام نے لکھا، ’ ہماری تاریخ میں بیرونی طاقتوں نے معیشت کو مفلوج کرنے اور انتشار پیدا کرنے کے لئے افراد کو استعمال کیا، ہمیں اپنا راستہ بدلنے کی ضرورت ہے’۔
آج علی الصبح کی جانے والی ایک اور ٹویٹ میں ریحام نے فوجی افسران کی خواتین اور بچوں کی تصاویر انٹرنیٹ پر شیئر کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لکھا کہ، ’ معصوم لوگوں کو پرتشدد دھمکیاں دیے جانے کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
ریحام اور عمران خان کی شادی جنوری 2015 میں ہوئی تھی تاہم 10 ماہ بعد ہی دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔ گزشتہ سال دسمبر میں ریحام نے خود سے 13 سال چھوٹے ماڈل مرزا بلال سے تیسری شادی کی ہے۔
Comments are closed on this story.