Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

’عمران خان نے کابینہ کے ذریعے پراپرٹی ٹائیکون کے اربوں روپے معاف کیے‘

القادر ٹرسٹ 60 ارب روپے کی کرپشن کا معاملہ ہے، عطا تارڑ
شائع 09 مئ 2023 07:21pm

وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ القادر ٹرسٹ معاملہ ملکی تاریخ میں کرپشن کا بڑا اسکینڈل ہے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں کوئی پیش ہونے کو تیار نہیں تھا، القادر ٹرسٹ 60 ارب روپے کی کرپشن کا معاملہ ہے، ٹرسٹ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے قائم کیے جاتے ہیں نہ کہ کرپشن کرنے کیلئے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ القادر ٹرسٹ کے ٹرسٹی ہیں، عمران خان نے کابینہ کے ذریعے پراپرٹی ٹائیکون کے اربوں روپے معاف کیے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ن لیگ کی قیادت کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے، آج عمران خان کی اپنی کرپشن عوام کےسامنے آچکی ہے، عمران خان نےاپنےدورمیں سیاسی مخالفین کوجھوٹے مقدمات میں جیلوں میں ڈالا، عمران خان کو اپنی کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کا سارا معاملہ شہزاد اکبر نے طے کیا اور آج وہ ملک سے فرار ہے، عمران خان نے بطور وزیراعظم اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، عمران خان نے چار سال ملک وقوم کے پیسے کو بے دردی سے لوٹا، چند لوگوں کی مدد سے عمران خان نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا، عمران خان جعلی ٹرسٹ بنا کر اربوں روپے اپنے استعمال میں لائے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب ایک آزادہ ادارہ ہے، کیس کی تحقیقات میرٹ پرہوں گی، کوئی لاڈلہ نہیں، قانون کے سامنے سب برابر ہیں۔

اس کے بعد وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بھی نیو کانفرنس کی اور کہا کہ ماضی میں گرفتاری سے پہلے پی ٹی آئی کے وزراء بتادیا کرتے تھے۔

وزیر قانون نے کہا کہ قانون کی پاسداری ہونی چاہئے، موجودہ حکومت نے نیب قوانین کو مزید بہتر بنایا، ماضی میں نیب کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وہ نیب بھی تھی جو سیڑھیاں لگا کر گرفتاریاں کرتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ حبس بے جا نہیں قانون کے مطابق گرفتاری ہوئی، عمران خان کی گرفتاری قانون کے مطابق عمل میں لائی گئی ہے، 7 رکنی میڈیکل بورڈ نے عمران خان کا معائنہ بھی کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ احتجاج سیاسی کارکنوں کا حق ہے، لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Atta Tarrar

Politics May 9 2023

imran khan arrested