دفعہ 144 خلاف ورزی کیس: پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانتیں منظور
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی نواز اعوان، عامرمغل اور راجہ خرم کی ضمانتیں منظور کرلی گئیں۔
پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان، عامرمغل اور راجہ خرم کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کیس میں پچاس پچاس ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کی گئیں۔
ایڈیشنل سیشن جج سکندرخان نے علی نواز اعوان، عامرمغل اور راجہ خرم نواز کی جانب سے دائر درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
وکیل نے عدالت سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانتوں کی درخواست گھوم پھر کر آپ ہی کے پاس آتی ہیں۔ جس پر جج نے ریمارکس دیئے کہ یہ نہ ہو کل آپ کہیں کہ اِن جج کے پاس ضمانتیں کیوں چلی جاتی ہیں۔
ملزمان کی جانب سے استدعا کی گئی کہ پانچ ہزار روپے مچلکوں پرضمانت منظور کرلیں، جج نے ریمارکس دیئے کہ ڈالر کا ریٹ دیکھیں! اب 5 ہزار روپے مچلکوں کے زمانے چلے گئے۔
عدالت نے مزید کہا عمران خان کی حکومت میں پچاس ہزار روپے مچلکوں پر ضمانتیں منظور ہوتی تھیں، ایک موقع پر یہ ریمارکس بھی دیے کہ میں نے کون سا کہا ہے کہ آپ لوگ فارن فنڈنگ پر چل رہے ہیں۔
عدالت نے علی نواز اعوان، راجہ خرم اورعامر مغل کی پچاس پچاس ہزار روپے مچلکوں کے عوض 12 مئی تک ضمانتیں منظور کیں۔
Comments are closed on this story.