Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

پی ٹی آئی کا پنجاب اور خیبرپختون خوا کے وزرائے اعلیٰ کے خلاف آرٹیکل 6 درج کرانے کا عندیہ

پنجاب اور خیبرپخونخوا کے نگراں وزرا کروڑوں روپے دے کر کابینہ کا حصہ بنے، رہنما پی ٹی آئی
شائع 08 مئ 2023 03:35pm

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پنجاب اورخیبرپخونخوامیں منتخب حکومتیں نہیں، بہت جلد دونوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کرائیں گے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عدالتی اصلاحات بل کے خلاف اعلیٰ عدلیہ کے 8 ججز کیس کو سن رہے ہیں، اور حکومت نے درخواست دی کہ تمام 15ججز سماعت سنیں، جب عدالت نے اٹارنی جنرل اور ن لیگ کے وکیل سے پوچھا کہ آپ نے کیس میں تو لکھا ہے کہ 3 ججز فیصلہ کردیں وہ حتمی ہے، تو کیا آپ اپنے بنائے ہوئے قانون کے خلاف ہیں، جس پر حکومتی وکلاء خرگوش کی طرح آنکھیں بند کرکے بیٹھ گئے کیوں کہ ان کے پاس جواب نہیں تھے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج بھی ایک خبر تھی کہ حکومت نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ نہیں بھیجا جائے گا، جب کہ اٹارنی جنرل عدالت میں کہہ رہے تھے کہ کل تک ریکارڈ عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔ اب جن لوگوں نے آرٹیکل 68 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے ججز کی توہین کی ہے وہ نتائج کے لئے تیار رہیں، اب آپ ڈریں نہیں اپنے بیان پر قائم رہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت کی میڈیا اورعدالت میں لائنز الگ الگ ہیں، عدالت میں کچھ اورمیڈیا پر کچھ کہا جاتا ہے، عدالت میں یہ لوگ بھیگی بلی بن جاتے ہیں، پارلیمنٹ میں یہ کچھ اور ہوتے ہیں، آپ ایک پوزیشن لیں، ہم بھی چاہتے ہیں کہ وہ کام کریں جو آئین اور قانون کے دائرے میں ہے، سپریم کورٹ کو بند کردینے سے حکومت نہیں چل سکتی، یہ ملک اورنظام اس طرح نہیں چل سکتا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت نے جو سپریم کورٹ کے خلاف محاذ آرائی بنا رکھی ہے، وہ پاکستان کے لئے خطرناک ہے، معیشت تو پہلے ہی ڈوب چکی ہے، فارن پالیسی کا یہ حال ہے کہ بلاول منہ اٹھا کر بغیر سوچے سمجھے بھارت گئے اور بے عزتی کروا کر واپس آگئے، آج سعودی کی میزبانی میں ایک ایونٹ ہے جس میں بھارت کی نمائندگی بھی ہے لیکن پاکستان کی نمائندگی نہیں، ملک کے وزیراعظم بادشاہ کی تاج پوشی کی تقریب میں پہنچے ہوئے ہیں، اور مقصد بھائی کے ساتھ وقت گزارنا ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ پاکستان میں آئے ہوئے چین کے وزیر خارجہ نے استحکام کا اچھا پیغام دیا، اور پاکستان میں استحکام صرف الیکشن سے ہی آسکتا ہے، اور اس وقت یہ ممکن ہے کہ جب عوام کو موقع دیں کہ وہ اپنے حکمران منتخب کریں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ آج پاکستان کی 75 فیصد آبادی جو پنجاب اور خیبرپخونخوا پر مشتمل ہے وہاں منتخب حکومتیں نہیں، جو غیر آئینی ہے، بہت جلد پنجاب اور خیبر پختون خوا کے وزرائے اعلیٰ کے خلاف آرٹیکل6کےتحت مقدمہ درج کریں گے، ان کی کابینہ کو عوام کو جواب دینا ہو گا،

انہوں نے مزید کہا کہ آئین کے تحت اسمبلیاں ٹوٹیں گی تو 90 دن کے بعد انتخابات ہوں گے، ہم نے مکمل مشاورت کے بعد اسمبلیاں توڑیں، اب جس طرح دونوں صوبوں میں حکومتی چلائی جارہی ہیں اور وہ چیک جاری کررہے ہیں وہ سب ان کے اکاؤنٹس میں سے نکلے گا، انہیں کوئی حق نہیں کہ یہ حکومت کریں، ان میں تھوڑی سی غیرت ہوتی وہ استعفے دے کر گھر چلے جاتے، لیکن انہوں نے پیسے دے کر وزارتیں لیں، کروڑوں روپے دے کر وزرا بنے ہیں۔

pti

imran khan

Fawad Chaudhary

Supreme court practice and procedures bill

Politics May 8 2023