Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’بس بہت ہوگیا، اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا‘

جنرل فیصل نصیر اور ایجنسیوں کیخلاف بیانات پر حکومتی اتحادیوں کی عمران پر کڑی تنیقد
اپ ڈیٹ 07 مئ 2023 10:54pm

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چئیرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ایک شخص اداروں کو بدنام کرنے کی ہر حد کو عبور کرچکا ہے جسے اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر موجود آصف علی زرادری سے منسوب بیان میں کہا گیا ہے کہ اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش نے ایک شخص کا حقیقی چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بس بہت ہوگیا، غیرملکی ایجنٹ کی گزشتہ روز کی تقریر سننے کے بعد کوئی محب وطن اس کی پیروی کرنے کا اب سوچ بھی نہیں سکتا۔

آصف علی زرداری نے بیان میں کہا کہ ایک شخص میرے آباؤاجداد، میرے بچوں اور میرے ملک کو تباہ کرنے کے درپے ہے جس کی ہم اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہ ملک ہے جہاں ہم سب نے دفن ہونا ہے، ہم ایک شخص کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہماری اقدار اور ہمارے ملک کے ساتھ کھلواڑ کرے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ میجر جنرل فیصل سمیت پاک آرمی کے بہادر اور مایہ ناز افسران پر الزامات دراصل اس ادارے پر حملہ ہے، جس کے ساتھ پورا پاکستان کھڑا ہے۔

آصف علی زرداری سے منسوب بیان میں کہا گیا کہ ایک شخص جھوٹ اور دھوکے سے اپنے معصوم کارکنان کو بے وقوف بنارہا ہے، میں اس شخص کا زوال دیکھ رہا ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ’عمران نیازی کا معمولی سیاسی فائدے کی خاطر پاک فوج اور انٹیلی جنس ایجنسی کو معمول کے مطابق بدنام کرنا اور دھمکیاں دینا انتہائی قابل مذمت ہے۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’جنرل فیصل نصیر اور ہماری انٹیلی جنس ایجنسی کے افسران کے خلاف بغیر کسی ثبوت کے الزامات لگانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ پنجاب میں کسی کو بھی اپنے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی تضحیک یا دھمکیاں دینے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ذمہ دار پاکستانی شہریوں کی حیثیت سے ایسے عناصر کی شدید مذمت کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ یہ عناصر دراصل پاکستان کے دشمنوں کو فائدہ پہنچا رہے ہیں۔ قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا اور شرپسندوں کو قانون کے مطابق جوابدہ ہونا پڑے گا۔

Asif Ali Zardari

imran khan

PM Shehbaz Sharif

General Faisal Naseer