Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

معاشی مشکلات سے آگاہ ہیں، پاکستان کی مدد کرنا ہماری ترجیح ہے: چینی وزیر خارجہ

پاکستان سی پیک اور گوادر بندرگاہ کی تکمیل کے لئے پُرعزم ہے، صدر عارف علوی
شائع 05 مئ 2023 10:56pm
صدر مملکت سے چینی وزیر خارجہ سے ملاقات۔ فوٹو — اے پی پی
صدر مملکت سے چینی وزیر خارجہ سے ملاقات۔ فوٹو — اے پی پی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چینی وزیر خارجہ چِن گانگ کی ملاقات ہوئی ہے۔

عارف علوی چِن گانگ کے درمیان ملاقات ایوان صدر میں ہوئی جس میں وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر، چینی نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ اور پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

ایوان صدر کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور چین نے علاقائی امن، خوشحالی کے فروغ اور بیرونی چیلنجوں سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں ممالک نے مشترکہ فائدے کے لئے تجارت، معیشت، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لئے دو طرفہ تبادلوں، عوام کے عوام سے روابط اور ثقافت و سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔

اس موقع پر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد، افہام و تفہیم اور خیر سگالی پر مبنی ہیں، دونوں ممالک بنیادی امور پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کا باہمی تعاون علاقائی اور بین الاقوامی میدانوں میں ہونے والی نئی پیش رفت کی روشنی میں مزید اہمیت اختیار کر رہا ہے، پاکستان سی پیک اور گوادر بندرگاہ کی تکمیل کے لئے پُرعزم ہے۔

ملاقات کے دوران صدر علوی نے کہا کہ سی پیک علاقائی تجارت اور روابط کو بڑھانے کے علاوہ دو طرفہ تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا جب کہ پاکستان سی پیک کے مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی کارکنوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے مؤثر اقدامات کرے گا۔

ایوان صدر کے اعلامیے کے مطابق عارف علوی نے کہا کہ حال ہی میں درہ خنجراب کے دوبارہ کھلنے سے سنکیانگ اور گوادر کے مابین اشیا ء کی نقل و حرکت میں آسانی پیدا ہوگی۔

صدر کا کہنا تھا کہ مملکت چینی سرمایہ کاروں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور زراعت کے شعبوں میں پاکستان کی کاروبار اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

اس دوران چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی سدا بہار ہے، دونوں ممالک کی دوستی چٹان کی طرح مضبوط ہے، چین پاکستان کی معاشی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے، پاکستان کی مدد کرنا چین کی ترجیح ہے۔

چِن گانگ کا کہنا تھا کہ چین پاکستانی طلباء کو چینی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے خوش آمدید کہے گا۔

President Arif Alvi

Chinese FM

Chinese FM Pakistan's Visit