Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

اپرکرم میں فائرنگ کے مختلف واقعات، سرکاری اساتذہ سمیت 7 افراد قتل

ملزمان نے اسٹاف روم میں گھس کر فائرنگ کی، ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا
اپ ڈیٹ 04 مئ 2023 08:35pm
Breaking News - Firing in government school, 8 teachers killed - Aaj News

ملک کے شمال مشرقی قبائلی علاقے اپر کرم میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے سرکاری اسکول کے اساتذہ سمیت 7 افراد کو ابدی نیند سلا دیا، جس کے بعد ضلع کرم میں جاری میٹرک امتحان ملتوی کردیے گئے۔

اس سے قبل، حکام نے بتایا تھا کہ نامعلوم افراد نے تاری منگل میں ایک اسکول کے اسٹاف روم میں گھس کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سات اساتذہ جاں بحق ہوئے، جبکہ آٹھویں اسکول ٹیچر کو اس وقت گولی ماری گئی جب وہ شلوزان روڈ پر ایک گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔

تاہم، ضلعی پولیس سربراہ نے شام کو ایک بیان جاری کیا، جس میں ہلاکتوں کی تعداد پر نظرثانی کی گئی اور حملے کے بارے میں تفصیلات فراہم کی گئیں۔

فائرنگ کا حالیہ واقعہ اپرکرم کے گورنمنٹ ہائی اسکول تری منگل میں پیش آیا۔

اساتذہ اسکول میں امتحانی فرائض انجام دے رہے تھے کہ اچانک نامعلوم افراد اندر داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کردی۔

تری منگل ہائی اسکول میں ہونے والی فائرنگ میں 4 اساتذہ سمیت 6 افراد کو قتل کیا گیا، جن کی شناخت میر حسین، جواد حسین، نوید حسین، جواد علی، محمد علی اور علی حسین کے نام سے ہوئی، جن کا تعلق طوری بنگش قبائل سے بتایا جاتا ہے۔

فائرنگ کا دوسرا واقعہ پارہ چنار میں سڑک پر پیش آیا جہاں ملزمان نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کرکے محمد شریف نامی ایک استاد کو قتل کیا۔

فائرنگ کا یہ واقعہ پارہ چنار میں شلوزان روڈ پر پیش آیا جہاں چلتی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک ٹیچر کو قتل کیا۔

سرکاری اسکول میں فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان فرار ہوگئے۔

اپر کرم کے جس سرکاری اسکول میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کی وہاں میٹرک کا پرچہ ہورہا تھا اور امتحانی مرکز پر دیگر علاقوں سے بھی اساتذہ آئے تھے۔

اپرکرم کے اسکول میں فائرنگ کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

فائرنگ کے واقعات کے بعد نگراں مشیر تعلیم رحمت سلام نے ضلع کرم میں جاری میٹرک امتحان ملتوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالات معمول پر آنے کے بعد امتحان کی نئی تاریخ دیں گے۔

کوہاٹ تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام 28 اپریل سے جاری میٹرک امتحانات غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دئیے گئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) محمد عمران کا کہنا ہے کہ 1909 میں دو گرپوں میں زمینی تنازعہ چل رہا ہے۔ آج ایک گروپ کے شخص کو صبح گاڑی میں قتل کیا گیا۔ پولیس جب موقع پر جا رہی تھی تو پولیس پر بھی فائرنگ کی گئی۔

ڈی پی او نے بتایا کہ صبح 11 بجے اسکول پر ایک گروپ حملہ آور ہوا جس میں 6 لوگ جاں بحق ہوئے۔ اسکول کے جاں بحق افراد میں 4 ٹیچر اور 2 مزدور شامل ہیں۔

وزیراعظم کی مذمت

وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع کرم میں فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

آصف زرداری کا افسوس

سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے پارا چنار میں اساتذہ کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔

افسوسناک واقعہ پر آصف زرداری نے کہا کہ دوران ڈیوٹی اساتذہ کا قتل دہشتگردی ہے، مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

KPK Police

Pakistan Law and order situation

FATA Tribal Areas