Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی کے شہریوں پر بجلی کی مد میں 5 ارب 47 کروڑ 10لاکھ روپے کا بوجھ ڈال دیا گیا

کے الیکٹرک صارفین کے لئے بجلی 3 روپے 70 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی
شائع 03 مئ 2023 12:24pm

کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 3 روپے 70 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی۔

مہنگائی، گرمی اور لوڈشیڈنگ کے ستائے کراچی کے شہریوں کے لئے ایک اور بری خبر یہ ہے کہ کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 3 روپے 70 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی ہے۔

کے الیکٹرک کی جانب سے نیپرا میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست دائر کی تھی، جس پر نیپرا میں سماعت مکمل ہوئی۔

نیپرا کے مطابق کے الیکٹرک نے ایک ماہ کیلئے 4 روپے 70 پیسے کا اضافہ کی درخوست کی تھی، تاہم دلائل مکمل ہونے پر نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کیلئے3 روپے 70 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی۔

بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست ماہانہ فیول چارجز ایڈجسمنٹ کی مد میں دی گئی تھی، جس سے کراچی کے بجلی صارفین پر ایک ماہ میں 5 ارب 47 کروڑ 10لاکھ کا بوجھ پڑے گا۔

اس سے قبل نیپرا نے سی پی پی اے کی درخواست پر ایک ماہ کیلئے بجلی 34 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی تھی۔

بجلی کی قیمت میں اضافہ مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا جائے گا، بجلی صارفین پر 2 ارب 90 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

اضافے کا اطلاق لائف لائن ،کے الیکڑک صارفین پر نہیں ہوگا، بجلی صارفین کو مئی کے بلزمیں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔

K-Electric

electrical bill