Aaj News

پیر, نومبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

عدالت کی درخواست گزار کو سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنے کی ہدایت
شائع 02 مئ 2023 11:19am
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی

لاہور ہائیکورٹ نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رضا قریشی نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر سماعت کی۔

شہری لطیف چوہدری کے وکیل مقسط سلیم نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں نگراں حکومت کی آئین میں دی گئی معیاد ختم ہوچکی ہے، سپریم کورٹ نے الیکشن کی تاریخ میں توسیع کی لیکن نگران حکومت کو توسیع نہ دی، نگراں وزیراعلیٰ اور کابینہ کا عہدے پر برقرار رہنا آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے، پنجاب کا 3 ہزار 500 کروڑ کا بجٹ ہے جو بغیر منظوری کے استعمال میں لایاجانا غیر قانونی ہے۔

وکیل نے درخواست میں استدعا کی کہ عدالت نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو فوری عہدے سے ہٹانے کا حکم دے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کرانے کے لیے 14مئی کی تاریخ دے رکھی ہے، سپریم کورٹ نے نگراں حکومت کے بارے کوئی ہدایت جاری نہیں کی، درخواست 14 مئی سے قبل تو کسی صورت قابل سماعت نہیں۔

عدالت نے درخواست گزار کو سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست کے قابل سماعت ہونے یانہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔

Lahore High Court

Care Taker CM Punjab

mohsin naqvi