Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

امریکہ میں ”یومِ مزدور“ ستمبر میں کیوں منایا جاتا ہے؟

یومِ مئی اور لیبر ڈے میں کیا فرق ہے؟
شائع 01 مئ 2023 09:43pm
تصویر بزریعہ روئٹرز
تصویر بزریعہ روئٹرز

امریکہ میں ہر سال ستمبر کے پہلے پیر کو مزدوروں کی خدمات اور امریکی معیشت میں ان کے کردار کے اعتراف کا دن منایا جاتا ہے اور اس دن وفاقی اور بیشتر نجی اداروں میں عام تعطیل ہوتی ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ”وائس آف امریکہ“ کے مطابق لیبر ڈے (یومِ مزدور) پر ملنے والی سرکاری چھٹی کے تانے بانے 19 ویں صدی میں چلنے والی مزدوروں کے حقوق کی تحریک سے ملتے ہیں ہے۔

امریکہ میں لیبر ڈے ستمبرمیں کیوں؟

انیسویں صدی میں صنعتی انقلاب اپنے عروج پر تھا اور بہت سے امریکی ہفتے کے ساتوں روز 12، 12 گھنٹے نامساعد حالات میں کام کرنے پر مجبور تھے جب کہ اُجرت بھی کم تھی۔

اس دور میں بچے بھی کارخانوں میں کام کرتے تھے جب کہ ملازمین کو بیمار ہونے پر بھی چھٹی نہیں ملتی تھی اور نہ ہی دیگر تعطیلات کا رُجحان تھا۔ اس کے علاوہ صحت کی سہولیات بھی میسر نہیں تھیں۔

اس دوران مزدور یونینز منظم ہوئیں اور اُنہوں نے ورکرز کو مناسب اُجرت، اوقاتِ کار میں تبدیلی اور صحت سمیت دیگر سہولیات دینے کے لیے احتجاج شروع کیا۔

اس کے بعد امریکی ریاستوں نے یکے بعد دیگرے مزدوروں کو سہولیات دینے کے لیے قانون سازی کی۔

مزدوروں کے لیے آٹھ گھنٹے ڈیوٹی، ہفتہ وار دو تعطیلات جب کہ صحت سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھی قانون سازی کی گئی۔

امریکی کانگریس نے 28 جون 1894 کو باقاعدہ طور پر ہر سال ستمبر کے پہلے ہفتے مزدوروں کی خدمات کے اعتراف میں ’لیبر ڈے‘ کی تعطیل کی منظوری دی۔

یومِ مئی اور لیبر ڈے میں کیا فرق ہے؟

دنیا کے کئی صنعتی ممالک میں یکم مئی کو مزدوروں کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے لیکن اس دن کو منانے کا تعلق امریکہ میں پیش آنے والے واقعات سے ہے۔

مئی 1886 میں شکاگو میں مزدوروں کے حقوق کے لیے ہونے والے ایک مظاہرے کے دوران بم دھماکہ ہوا جس میں سات پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد ہلاک ہوئے۔

اس واقعے پر عالمی سطح پر بھی ردِعمل سامنے آیا اور دُنیا بھر میں اس روز مزدوروں نے اس دن کی یاد میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کر دیا۔

امریکی ”یوم مئی“ کیوں نہیں مناتے؟

شکاگو میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد امریکہ میں مزدور یونینز کے خلاف ایک مہم کا آغاز ہوا۔

مئی میں ہونے والے مظاہروں کو انتہائی بائیں بازو کی سیاسی تحریک کے طور پر دیکھا جانے لگا جب کہ ستمبر کے پہلے سوموار کو منائے جانے والے ”لیبر ڈے“ کو مقامی اور ریاستی حکومتوں کی سرپرستی حاصل رہی۔

بعد ازاں جب امریکہ میں یہ بحث چھڑی کہ مزدوروں کی خدمات کے اعتراف میں کس روز تعطیل دی جائے تو مئی کے بجائے ستمبر کے پہلے پیر کا انتخاب کیا گیا۔

US

Labor Day

ستمبر