حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا وقت تبدیل، بریک تھرو متوقع
اسلام آباد: حکمران اتحاد اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان کل ہونے والے مذاکرات کا وقت تبدیل کردیا گیا۔
حکمراں اتحاد اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کل صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس کمیٹی روم میں ہونے تھے۔
مذاکرات سے متعلق ایک بیان میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ مذاکرات کل صبح 11 بجے کے بجائے رات 9 بجے سینیٹ سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہوں گے۔
صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا وقت کمیٹی اراکین کی مصروفیت کے باعث تبدیل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں کل بریک تھرو ہونے کا امکان ہے، اگست کے آخر یا ستمبر کے شروع میں انتخابات پر اتفاق ہو سکتا ہے، اتفاق پر پنجاب اسمبلی کے انتخابات مؤخر ہو جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق جون میں بجٹ پیش کرکے قومی اسمبلی تحلیل کرنے پر اتفاق ہو سکتا ہے جب کہ مذاکرات نتیجہ خیز نہ ہوئے تو یہ عمل کل اختتام پزیر ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی حکومت اور پی ٹی آئی کے وفود الیکشن پر مذاکرات کے لئے دو بار مذاکراتی ٹیبل پر بیٹھ چکے ہیں۔
Comments are closed on this story.