Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ظہور الہٰی پیلس آپریشن: ’جو طریقہ کار اپنایا گیا وہ قابل قبول نہیں‘

کچھ لوگ اس ایشو کو غلط رنگ دے کر پاکستان میں عجیب کیفیت پیدا کرنا چاہتے ہیں، چودھری شجاعت حسین
شائع 01 مئ 2023 04:43pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

چودھری پرویز الہٰی کی گرفتار کیلئے ظہور الہٰی پیلس میں آپریشن کے حوالے سے چودھری شجاعت حسین نے حکام بالا سے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کردیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے یکم مئ مزدور کے دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ سارے معاملے پر جو طریقہ کار اپنایا گیا وہ قابل قبول نہیں، گھر کا دروازہ بکتر بند گاڑی سے توڑنے کی مذمت کرتا ہوں۔

مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے میں یہ کہنا چاہوں گا کہ میں ایسی بات نہیں کرنا چاہتا جس سے ملکی سطح پر معاملات مزید خراب ہوں۔ پاکستان بہت پریشانیوں میں گھرا ہوا ہے۔ اور کچھ لوگ اس ایشو کو غلط رنگ دے کر پاکستان میں عجیب کیفیت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی کی گرفتاری کیلئے پولیس ان کے گھر گئی جنہیں بتایا گیا کہ وہ چودھری شجاعت کے گھر ہیں۔ پولیس پرویز الہٰی کا گھر چھوڑ کر میرے گھر کی طرف دوڑی۔ جب پولیس والے میرے گھر کے دروازے پر پہنچے تو میرے دونوں بیٹے دروازے کے دوسری طرف موجود تھے۔ جب پولیس والے آگے بڑھ رہے تھے تو میرے دونوں بیٹوں نے انہیں روکا۔جس پر پولیس نے دروازے کو توڑنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں دروازے کے شیشے تو ٹوٹ گئے مگر دروازہ نہ ٹوٹ سکا۔ لیکن میرے دونوں بیٹے اس صورتحال میں زخمی ہو گئے ۔ چوہدری سالک حسین کے ہاتھ پر ٹانکے لگے۔ دو گھنٹے کوشش کے بعد پولیس دروازے سے واپس چلی گئی ۔

چودھری شجاعت نے کہا کہ جب پولیس والوں سے سوال کیا گیا کہ کس کیس میں یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے ۔ پولیس نے اس سلسلے میں بتایا کہ الزامات میں یہ لکھا گیا کہ گجرات میں سڑکوں کی تعمیری ٹھیکوں میں اربوں روپے کمیشن کے علاوہ انٹرنیشنل فرم سے کمیشن کے طور پر اربوں روپے وصول کئے۔ اس سے زیادہ تفصیلات ہمارے پاس نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا یا میرے دونوں بیٹوں کا ایسے کسی معاملے سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا۔ سارے معاملے پر جو طریقہ کار اپنایا گیا وہ قابل قبول نہیں، بکتر بند گاڑی سے گھر کا دروازہ توڑنے کی بھی مذمت کرتا ہوں۔

چودھری شجاعت نے کہا کہ کسی اور موقع پر میں تفصیل سے بات کروں گا۔ فی الوقت میں نے اپنے دونوں بیٹوں سے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے وہ صبر کا دامن مضبوطی سے تھامے رہیں۔

یوم مزدور کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مزدوروں کا کوئی دن نہیں ہوتا بلکہ ہر دن مزدور کا ہوتا ہے، پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ مزدوروں کے لیے آواز اٹھائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ معاشی صورتِ حال کی پیش نظر مزدوروں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ ہر دور میں مزدور طبقہ کو اہمیت نہیں دی گئی۔ ہر دورِ حکومت میں روز مرہ کی اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول نہ کرنے سے ملک میں بے پناہ مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔

چودھری شجاعت نے کہا کہ مہنگائی نے ہر بندے کی کمر توڑ دی ہے۔ روز مرہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے ہر قسم کے طبقے کو متاثر کیا ہوا ہے۔ اس وقت ملک کی اہم ضرورت ہے کہ حکومت فی الفور روز مرہ اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے قومی سطح پر کمیٹی تشکیل دے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے صدور شامل ہوں۔

صدر ق لیگ نے کہا کہ جس طرح سیلابی صورتحال اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی کمیٹیاں تشکیل دی جاتی ہیں ایسے ہی مہنگائی جیسی آفت سے نمٹنے کے لیے ہنگامی طور پر کمیٹی تشکیل دی جائے، اور یہ کمیٹیاں ضلع سطح تک جانی چاہئیں، جس میں ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ہر حلقے کے نمائندے کو شامل کر کے کمیٹی بنائی جائے جو بازاروں میں جا کر قیمتوں کا تعین کریں اور ہر صبح کو قیمتوں کے متعلق رپورٹ بنا کر ڈپٹی کمشنر کو پیش کریں۔ ڈپٹی کمشنر اس رپورٹ پر ایسا ماحول مہیا کریں کہ قیمتوں کو کنٹرول میں رکھا جا سکے۔ تاجروں سے بھی تعاون کی یقین دہانی لی جائے۔

Chaudhry Shujat Hussain

Politics May 1 2023