Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

محنت کشوں کے عالمی دن پر وزیر اعظم اور صدر کا خصوصی پیغام

دنیا بھر میں مزدوروں کا آج عالمی دن منایا جارہا ہے
شائع 01 مئ 2023 08:49am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے پی پی

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ آج کے دن پوری قوم محنت کش طبقے کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، آج کا دن محنت کے تقدس اور وقار کی علامت ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کا محنت کشوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ دنیا بھر میں محنت کشوں اور مزدوروں کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے، یہ دن ہمیں محنت کشوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، مزدوروں نے اپنے حقوق کے لیے انتھک جدوجہد اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، یہ دن نہ صرف محنت کے تقدس اور وقار کی علامت ہے بلکہ ملکی معاشی ترقی میں مزدوروں اور محنت کشوں کی اہمیت کا اعتراف ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن پوری قوم محنت کش طبقے کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، اللہ اور رسول ﷺ کا حکم ہے کہ مزدوروں کے حقوق کو اہمیت دیں، اسلام نے عالمی لیبر قوانین کے نفاذ سے بہت پہلے ہی مزدوروں کے حقوق بارے اصول طے کر دیے تھے، حکومت مزدوروں کے فلاحی اداروں کے لیے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت محنت کشوں کے لیے بہتر رہائش، تعلیم اور صحت کی سہولت کے لیے پرعزم ہے، کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کے لیے مزدوروں کا کردار اہم ہوتا ہے، ہماری حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، آج دن محنت کشوں کے حقوق کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کریں تاکہ محنت کشوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جاسکے۔

لیبر فورس ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، صدر

دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی نے بھی یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم مزدور پر محنت کشوں کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، یوم مزدور نہ صرف محنت کشوں کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے بلکہ معاشی ترقی میں ان کے کردار کا بھی اعتراف ہے۔

عارف علوی نے کہا کہ مزدور اور آجر پیداواری عمل میں شراکت دار ہیں، مزدور اور آجر کا تعاون ملکی ترقی کے لیے ضروری ہے، معاشی خوشحالی میں مزدوروں کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے، مزدوری کے غیرمنصفانہ طریقے اور کم اجرت جیسے مسائل درپیش ہیں، محنت کشوں کو کام کی جگہ پر خواتین کی ہراسگی جیسے مسائل کا سامنا ہے،

انہوں نے مزید کہا کہ لیبر فورس ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، لیبر قوانین پر سختی سے عمل درآمد کے لیے اقدامات کرنا انتہائی ضروری ہے، پاکستان کے پاس ایک بہت بڑی لیبر فورس اور نوجوانوں کی تعداد ہے، لیبر فورس کو جدید ہنر فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر کا مزید کہنا تھا کہ حکومتیں مزدور کی فلاح و بہبود کے لیے کوششیں جاری رکھیں گی، آجروں سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ وہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں، مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں، آج کے دن عہد کریں کہ ہم اپنے آپ کو پاکستان کی خوشحالی کے لیے وقف کریں گے۔

اسلام آباد

Labour Day

PM Shehbaz Sharif

Politics May 1 2023