Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سیلاب کے باوجود پاکستان میں 10 سالوں میں گندم کی ریکارڈ پیداوار

وزیراعظم کا گندم کی 2 کروڑ 75 لاکھ میٹرک ٹن ریکارڈ پیدوار پر اظہارِ تشکر
شائع 30 اپريل 2023 01:59pm

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملک میں گندم کی 2 کروڑ 75 لاکھ میٹرک ٹن ریکارڈ پیدوار پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سرکاری سطح پر گندم کی خریداری پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں حکام نے ملک میں موجود گندم کے ذخائر، کیری فارورڈ ذخائر، وفاقی و صوبائی محکموں کے خریداری کے اہداف اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال ملک بھر میں گندم کی گزشتہ دس سال کی نسبت 2 کروڑ 75 لاکھ میٹرک ٹن سے ذیادہ پیداوار ہوئی ہے۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم نے گندم کی ریکارڈ پیدوار پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس سال گندم کی گزشتہ دس سالوں کی نسبت سب سے ذیادہ پیداوار ہوئی ہے، گزشتہ سال بارشوں اور سیلاب کے باوجود گندم کی بمپر کراپ حکومت کے بروقت فیصلوں اور بہترین گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ نا اہل حکومت کی بد انتظامی کی وجہ سے پاکستان گندم در آمد کرنے والا ملک بن گیا، کسانوں کو کھاد کیلئے پورا پورا دن لمبی قطاروں میں کھڑا رکھا، تمام صوبائی اور وفاقی ادارے گندم خریداری کا اپنا ہدف بڑھائیں تاکہ پورا سال گندم کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہو۔

وزیراعظم نے کہا کہ تمام تر مالی مشکلات کے باوجود گندم کی بمپر پیداوار پر کاشت کار اور پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے، آئندہ سال حکومت اس سے بھی ذیادہ پیداوار کیلئے حکمتِ عملی مرتب کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے تمام اداروں کو اپنے اہداف میں اضافہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کسانوں کو معیاری بیج، کھاد کی بلاتعطل فراہمی، کسان پیکیج اور بروقت فیصلوں کی بدولت گندم کی شاندار پیداوار کا حصول ممکن ہوا۔ شہبازشریف نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

Shehbaz Sharif

Wheat

PM Shehbaz Sharif

Wheat Policy