پیٹرول کی قیمت برقرار، ڈیزل 5 روپے فی لیٹر سستا
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کردیا۔
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا گیا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم سے 15 مئی تک کے لئے ہوگا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر کمی کردی گئی، جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی قیمت 164.68 روپے ہوگئی۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 10 روپے فی لیٹر کمی کی گئی، جس کے بعد مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 276 روپے ہوگئی۔
شہریوں کی توقعات کے برعکس حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں کمی نہیں کی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا اس کی قیمت 282 روپے برقرار رکھی گئی ہے۔
اسحاق ڈار نے ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 5 روپے فی لیٹر کمی کردی، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 288 روپے ہوگئی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو ریلیف دینے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد قیمتوں میں کمی کی گئی۔
اس سے قبل اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری حکومت کو بھجوائی تھی۔
اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں پیٹرول کی قیمت میں 5 سے 7 روپے تک کمی کی سفارش کی گئی ہے، جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے تک کمی کی تجویز تھی۔
Comments are closed on this story.