Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پرویز الہٰی کے گھر چھاپے کے باوجود پی ٹی آئی کا مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق

پرویز الہیٰ کے گھر آپریشن مذاکرات ختم کرانے کی سازش ہوسکتی ہے، ہماری طرف سے مذاکرات ختم کرنے پر انہیں موقع مل سکتا ہے، پی ٹی آئی
اپ ڈیٹ 29 اپريل 2023 10:07pm
تصویر بزریعہ روئٹرز
تصویر بزریعہ روئٹرز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان کی زیر صدارت اجلاس جاری ہے، جس میں جماعت کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ کے گھر پر آپریشن کو سازش قرار دیتے ہوئے حکومت سے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اجلاس میں عمران خان کو حکومت کے ساتھ مذکرات پر بریفنگ دی گئی اور پرویز الہیٰ کی رہائش گاہ پر آپریشن کی بھرپور مذمت کی گئی۔

بیشتر پی ٹی آئی رہنماؤں نے رائے دی کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے جائیں، پرویز الہیٰ کے گھر آپریشن مذاکرات ختم کرانے کی سازش ہوسکتی ہے، ہماری طرف سے مذاکرات ختم کرنے پر انہیں موقع مل سکتا ہے۔

جبکہ کچھ رہنماؤں نے تجویز کیا کہ مذاکرات کو مزید آگے نہیں جانا چاہئیے، ہماری تجویز پر عمل نہ ہو تو مذاکرات ختم کرنے چاہئیں۔

اجلاس میں مختلف تجاویز اور آئندہ کےلائحہ عمل پر گفتگو جاری ہے۔

اجلاس میں شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، شبلی فراز، اعظم سواتی، اعجازچوہدری، حماد اظہر اور محمود خان سمیت کئی دیگر رہنما بھی شریک ہیں۔

’حکومت مذاکرات کیلئے تیار نہیں تو اسحاق ڈار کو روک لیں‘

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی زمان پارک سے روانہ ہوئے تو مظاہرین ان کی گاڑی کے آگے بیٹھ گئے۔

شاہ محمودقریشی نے مظاہرین سے کہا کہ احتجاج آپ کا حق ہے،یہ طریقہ درست نہیں، مجھےایک ضروری کام سے ظہور الہیٰ روڈ جانا ہے۔

جس کے بعد وہ مظاہرین کی بات سنے بغیر روانہ ہوگئے۔

بعد ازاں، شاہ محمود قریشی نے چوہدری پرویز الہیٰ کی رہائش گاہ پہنچ کر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نیک نیتی سے مذاکرات کیلئے بیٹھے ہیں، حکمرانوں کےدل میں کیا ہے ہم نہیں جانتے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الہیٰ کے گھر چھاپے کے حوالے سے کہا کہ حکومتی طرز عمل سے ہمیں افسوس ہوا ہے، حکومت مذاکرات کیلئے تیار نہیں تو اسحاق ڈار کو روک لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زمان پارک میں عمران خان سے ملاقات کی، اور انہیں مذاکرات سے متعلق آگاہ کیا، مذاکرات پر عمران خان سے رہنمائی حاصل کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دیکھنا ہے حکومتی ٹیم کتنی بااختیار ہے۔

کچھ دیر بعد حماد اظہر اور فواد چوہدری بھی زمان پارک سے روانہ ہوگئے۔

جاتے جاتے حماد اظہر نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات جاری رہیں گے، اجلاس میں کسی نے بھی مذاکرات کرنے سے انکار نہیں کیا۔

بیرسٹرعلی ظفر نے زمان پارک میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ پرویز الہیٰ کے گھر پر حملہ بہت عجیب بات ہے، مذاکرات بہت خوشگوار ماحول میں جاری ہیں، قدم آگے بڑھ رہے تھے اور منزل قریب تھی، سمجھ نہیں آرہی اس آپریشن کا کیا مقصد ہے۔

بیرسٹرعلی ظفر نے کہا کہ ایک طرف مذاکرات اور دوسری جانب آپریشن کردیا جاتا ہے، مذاکرات کیلئے جائیں گے یا نہیں، فیصلہ تھوڑی دیرمیں ہوجائے گا۔

فواد چوہدری کا بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے حکومت سے مذاکرات کا عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں، تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کو مدنظر رکھا جائے گا، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سےآئین کے دائرے میں انتخابات کے فریم ورک پر حکومت سے مذاکرات جاری رہیں گے، منگل کو حتمی ایجنڈا پر بات ہو گی۔

pti

imran khan

Politics April 29 2023