Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس: عمران خان 30 مئی کو ذاتی حیثیت میں عدالت طلب

توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی
شائع 29 اپريل 2023 11:20am
فوٹو۔۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔۔ اے ایف پی

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو 30 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا جبکہ ڈسٹرکٹ کورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت بغیرکارروائی ملتوی کی گئی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں سول جج مبشرحسن چشتی نے عمران خان کے خلاف لانگ مارچ کے دوران جلاؤ گھیراؤ کیس کی سماعت کی۔

پولیس کی جانب سے عدالت کو نوٹس کی تعمیل کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

تفتیشی آفسرنے بتایا کہ عمران خان کو نوٹس کی تعمیل قانون کے مطابق نہ ہو سکی۔

جج مبشر چشتی نے ریمارکس دیے کہ جاری سمن کی درست طور پر تعمیل نہ کرائی جا سکی۔

عدالت نے نقول فراہم کرنے کے لئے عمران خان کو دوبارہ نوٹس جاری کردیے۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 30 مئی کو ذاتی حثیت میں عدالت میں پیش ہونے کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی

دوسری جانب جج ہمایوں دلاور کی چھٹی کے باعث عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 3 مئی تک ملتوی کردی گئی۔

اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس کی سماعت ہوئی۔

الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن اور عمران خان کے وکیل گوہر علی خان عدالت میں پیش ہوئے۔

ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کی تعطیل کے باعث سماعت نہ ہوسکی۔ ایڈیشنل سیشن جج نے پہلی بار کیس کی سماعت کرنا تھی۔

عدالت نے کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 3 مئی تک ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ 27 اپریل کو سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کیلئے نئے جج کو مقرر کیا گیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے شامل تفتیش نہ ہونے پر نیب کو قانون کے مطابق کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے درخواست نمٹادی۔

شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سنانے کیلئے نئی تاریخ مقرر

ادھر انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سناننے کے لئے 18 مئی کی نئی تاریخ مقرر کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پرسماعت کی، پی ٹی آئی رہنما عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ مؤخر کردیا۔

عدالت نے شریک ملزم عمران خان کا کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہونے کے باعث محفوظ فیصلہ سنانے کے لیے 18مئی کی کئی تاریخ مقرر کردی۔

عدالت 18مئی کو محفوظ فیصلہ سنائے گی۔ عدالت نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا انتظار کرلیتے ہیں۔

pti

Shah Mehmood Qureshi

ATC

imran khan

long march

tosha khana case

islamabad local court

judge raja jawad abbas

Politics April 29 2023