Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

کچے میں 51 ہزار ایکڑ علاقہ کلیئر کرا لیا، آئی جی پنجاب

کچے سے شرپسندوں کا خاتمہ کرکے پائیدار امن قائم کریں گے، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب
شائع 28 اپريل 2023 08:07pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ کچے میں آپریشن جاری ہے اب تک 51 ہزار ایکڑ علاقہ کلیئر کرا لیا گیا۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں کچے کے علاقے میں پولیس آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔

آئی جی پولیس ڈاکٹرعثمان انور نے پولیس آپریشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ کچے میں شر پسندوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر کے51 ہزار ایکڑ علاقے کو کلیئر کرالیا گیا ہے۔

عثمان انور نے بتایا کہ کچے میں پولیس آپریشن کے دوران تین شرپسند مارے گئے اور آٹھ زخمی ہوگئے جبکہ 46 افراد کو گرفتارکرلیا گیا۔

اجلاس کے دوران نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے آپریشن میں کامیابیوں پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اور جوانوں کی بہادری اورجذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقے میں شرپسندوں کا مکمل خاتمہ کرکے پائیدار امن قائم کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے علاقے میں سڑکوں اور پلوں کی تعمیر و مرمت و بحالی کیلئے پلان بھی طلب کرلیا۔

چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے حکام اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، ڈیرہ غازی خان و بہاولپور ڈویژن کے کمشنرز و آرپی اوز، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، راجن پورکے ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

دوسری جانب کچے کے ڈاکوؤں کی اسلحہ کی نمائش کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جاگیرانی گینگ کا ڈاکو کلاشنکوف سے ہوائی فائرنگ کرتا دیکھا جاسکتا ہے، ہوائی فائرنگ سے لوگوں میں خوف پھیلایا گیا۔

Pakistan Law and order situation

Sindh Punjab Border Areas

Punjab Police Operation