حج کوٹے سے زائد درخواست گزار قرعہ اندازی سے بچ گئے
سرکاری ریگولر اسکیم کے تحت اضافی درخواست گزاروں کو بغیر قرعہ اندازی حج پر بھیجا جائے گا۔
عازمین حج کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ کوٹے سے زائد درخواست دہندہ قرعہ اندازی سے بچ گئے ہیں، اضافی درخواست گزاروں کوسرکاری ریگولر اسکیم کے تحت بغیر قرعہ اندازی حج پر بھیجا جائے گا۔
وزارت مذہبی امور کو حج اخراجات کیلئے درکار21 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کی قسط وار فراہمی کا آغاز بھی ہوگیا ہے۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے 5 کروڑ ڈالرز کی پہلی قسط کے بعد وزارت خزانہ نے 4 کروڑ ڈالرز کی دوسری قسط بھی جاری کردی ہے، جو آئندہ کچھ روز میں سعودی عرب میں پاکستانی حج ڈائریکٹوریٹ کو منتقل ہو جائے گی۔
ذرائع وزارت مذہبی امورنے بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کیلئے 213 ملین ڈالرز کی درخواست کی گئی تھی، رقم 4 اقساط میں فراہم کی جارہی ہے جس کی پہلی 2 اقساط موصول ہوچکی ہیں۔ 6 کروڑ ڈالرز کی تیسری قسط 30 اپریل جب کہ 6 کروڑ30لاکھ ڈالرز کی چوتھی قسط مئی کے تیسرے ہفتے میں فراہم کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ نے درکار ڈالرز طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یہ رقم ائر لائنز کو کرائے، رہائش گاہوں، ٹرانسپورٹ اور ٹیکسز کی مد میں ادا کی جائے گی۔
Comments are closed on this story.