Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سیاسی جماعتوں کو الیکشن پر مشترکہ مؤقف کیلئے سپریم کورٹ کی مہلت کا آخری روز

جمعرات کو رپورٹ جمع کرانی لازم جبکہ فریقین میں سیاسی مذاکرات کی کوششیں جاری
اپ ڈیٹ 26 اپريل 2023 09:48am
سپریم کورٹ آف پاکستان
سپریم کورٹ آف پاکستان

سیاسی جماعتوں کو الیکشن پر ایک ہی مؤقف اپنانے کے لئے دی گئی سپریم کورٹ کی مہلت کا آخری روز ہے، جمعرات کو عملدرآمد رپورٹ جمع کرانی لازم ہے جبکہ فریقین میں سیاسی مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں۔

سپریم کورٹ نے ملک بھر میں انتخابات ایک ساتھ کرانےکی درخواستوں پر گزشتہ سماعت میں الیکشن کی تاریخ پر سیاسی اتفاق رائے کے لیے سیاسی جماعتوں کے قائدین کو مشاورت کا حکم دیا تھا۔

مزید پڑھیں: انتخابات کیس : 26 اپریل کو سیاسی جماعتوں کا اجلاس، 27 کو عدالت میں رپورٹ طلب

19 اپریل کی سماعت میں سیاسی قائدین نے عدالت کا بتایا تھا کہ سینیئر سیاسی قیادت عید الفطر کے باعث اپنے آبائی علاقوں کو چلی گئی ہے، اب 26 اپریل کو سینیئر سیاسی قیادت میں اس حوالے سے مشاورت ہوگی جس کی رپورٹ 27 اپریل کو عدالت میں پیش کر دی جائےگی، اس پیش رفت کے بعد مزید سماعت 27 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔

سپریم کورٹ نے اپنے تحریری حکم نامے میں کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کے لیے حکومت 21 ارب روپے 27 اپریل تک الیکشن کمیشن کو فراہم کرے، حکومتی گرانٹ کے بل مسترد ہونے کا مطلب ہےکہ وزیر اعظم اور کابینہ ایوان میں اکثریت کھو بیٹھی ہے جب کہ اٹارنی جنرل کا موقف ہے کہ ایسا نہیں اٹارنی جنرل سے فی الحال اتفاق کرتے ہوئے حکم نامے میں کہا گیاکہ دوسری صورت بھی حکومت کو سنگین آئینی مسائل کی طرف لے جاسکتی ہے، عدالتی حکم کی نا فرمانی کے بھی سنگیں نتائج برآمد ہو سکتے ہیں لہٰذا ضروری ہےکہ حکومت 27 اپریل تک 21 ارب روپے فراہم کرے۔

مزید پڑھیں: فیصلے سے واپسی ناممکن، حکومت 27 اپریل تک 21 ارب روپے جاری کرے، سپریم کورٹ

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی سے مذاکرات سے پہلے اتحادی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس آج دوپہر 12 بجے وزیراعظم ہاؤس میں طلب کیا ہے۔

اجلاس میں اتحادی پارلیمانی رہنما شرکت کریں گے، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت متوقع ہے۔

وزیراعظم پی ٹی آئی سے مذاکرات پر اتحادی رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے ہوگا،

مزید پڑھیں: دومراحل میں الیکشن کروانے سے انارکی پھیلے گی، الیکشن کمیشن کی رپورٹ

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال زیرغور آئے گی جبکہ پنجاب خیبرپختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے امورپرغورکیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتوں سے مشاورتی عمل کے حوالے سے بھی امورزیر غور آئیں گے۔

ادھر وزیراعظم کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج 3 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔

مزید پڑھیں: انتخابات فنڈز : الیکشن کمیشن، وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک نے رپورٹس جمع کرادیں

اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، تمام لیگی اراکین قومی اسمبلی کو پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔

اجلاس میں قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی۔

وزیراعظم شام 7 بجے اتحادی جماعتوں کے ارکان کے اعزازمیں عید ملن عشائیہ بھی دیں گے۔

اسلام آباد

Supreme Court of Pakistan

PM Shehbaz Sharif

punjab kpk election

politics april 26 2023