Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹھٹھہ: لرننگ لائسنس رکھنے والا ٹرک ڈرائیور 9 جانیں جانے کا سبب بن گیا

ٹھٹھہ پولیس نے فرارٹرک ڈرائیورکو گرفتارکرلیا
اسکرین گریب - نمائندہ آج نیوز
اسکرین گریب - نمائندہ آج نیوز

ٹھٹھہ میں چلیا کے مقام پر ٹرک اور وین کے تصادم میں کراچی سے تعلق رکھنے والے جاں بحق 9 افراد کی لاشیں ایدھی سرد خانہ سہراب گوٹھ منتقل کر دی گئی ہیں۔

ایس ایس پی ٹھٹہ کے مطاق ملزم کی شناخت رئیس کے نام سے ہوئی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی میتیں ٹھٹھہ سے کراچی سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے میں منتقل کردی گئیں ہیں۔

ایس ایس پی عدیل چانڈیو کا کہنا ہے کہ ٹھٹھہ پولیس نے فرار ٹرک ڈرائیور کو گرفتارکرلیا جس کے پاس لرننگ لائسنس موجود تھا اور ابتدائی تفتیش میں ٹرک ڈرائیورکی غفلت کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔

حادثہ کیسے پیش آیا؟

عید کی چھٹی کے آخری روز پکنک پر کینجھر جھیل جانے والے افراد راستے میں ہی حادثے کا شکار ہوگئے۔ حادثہ ٹھٹھہ میں چلیا کے مقام پر قومی شاہراہ پر پیش آیا، جہاں سوزوکی پک اپ وین سڑک کے کنارے کھڑے ٹرک سے جا ٹکرائی، حادثے میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

امدادی ٹیموں نے لاشوں کو گاڑی سے نکالا اور مکلی اسپتال منتقل کیا جبکہ تمام افراد کا تعلق کراچی کے علاقے ملیر قذافی ٹاؤن سے تھا۔ جاں بحق افراد کی شناخت عبداللہ، قیصر، نوراللہ ، تسبیح اللہ، وہاب اور عدنان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

جاں بحق افراد کے لواحقین غم سے نڈھال ہیں اور علاقے میں سوگ کا سماں ہے اور علاقہ مکینوں نے واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ تمام افراد کی لاشیں کراچی کے ایدھی سرد خانے میں منتقل کردی گئی ہیں۔

گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کا انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹھٹہ کے قریب ٹریفک حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو زخمیوں کو فوری اسپتال منتقل کرنے کی ہدایات کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے انتظامیہ کو ہر صورت متاثرہ اہل خانہ کی مکمل مدد اور ٹھٹہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کردی۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی ٹھٹہ کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور کمشنر حیدرآباد سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

گورنر سندھ نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجہ کی ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔

karachi

traffic accident

Thatta

Keenjhar Lake