Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سوات دھماکا دہشت گردی کا نتیجہ نہیں، ڈی آئی جی خیبرپختونخوا

سوات کے تھانہ کبل میں دھماکے میں شہید 9 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا
اپ ڈیٹ 25 اپريل 2023 03:47pm
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

سوات کے تھانہ کبل میں دھماکے میں شہید ہونے والے 9 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

گزشہ روز سوات کے کبل سی ٹی ڈی تھانے میں شہید ہونے والے 9 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ کبل پولیس لائنز میں ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات خان سمیت پولیس افسران اور شہریوں نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد شہداء کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔

دھماکا دہشت گردی نہیں تھانے کے اندر بارودی مواد پھٹا، آئی جی خیبرپختونخوا

اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات گنڈا پور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سوات کے سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکا دہشت گردی کا نتیجہ نہیں بلکہ تھانے کے اندر موجود بارودی مواد پھٹا تھا، دھماکے میں غفلت اور دیگر پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔

اختر حیات گنڈا پور نے مزید کہا کہ دھماکے میں دہشت گردی کے الزامات میں قید 5 زیر حراست قیدی بھی مارے گئے جبکہ 9 پولیس اہلکار اور 3 عام شہری جاں بحق ہوئے۔

مزید پڑھیں: سوات کے کبل سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکا، جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی

سی ٹی ڈی تھانے میں موجود بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا گیا

دوسری جانب سی ٹی ڈی تھانے میں موجود بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا گیا، بارودی مواد کو ناکارہ بنانے سے دھماکوں کی آوازیں دور تک سنی گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لوگ خوفزدہ نہ ہوں کیونکہ بارودی مواد کو ناکارہ بنایا جا رہا ہے۔

کبل سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکے کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور پولیس سٹیشن کے باہر مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی تحقیقات کی جائے بدامنی برداشت نہیں کریں گے، دہشت گردی کے واقعے کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے جبکہ مظاہرین نے کبل چوک بلاک کر دیا ہے۔

سوات دھماکے کی تحقیقات کیلئے 2 رکنی کمیٹی قائم

ادھر سوات کے کبل سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکے کی تحقیقات کے لئے 2 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔

آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات گنڈا پور نے کبل دھماکے کی تحقیقات کے لئے 2 رکنی کمیٹی قائم کردی، کمیٹی ممبران میں ڈی ائی جی اسپیشل برانچ اور سیکرٹری ہوم شامل ہیں۔

ڈی آئی جی اسپیشل برانچ ثاقب اسماعیل میمن اور سیکرٹری ہوم عابد مجید رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کریں گے۔

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی جائے وقوعہ سے شوائد اکھٹا کرکے جائزہ لے گی۔

کبل دھماکے کی تحقیقات جاری، زخمی اہلکار کے اہم انکشافات

سوات کے کبل سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکے کی تحقیقات جاری ہے، زخمی اہلکار نے انکشاف کیا ہے کہ سی ٹی ڈی تھانے کے جس کمرے میں بارودی مواد رکھا جاتا ہے اس میں بجلی کا کنکشن پہلے ہی سے منقطع تھا۔

دھماکے میں زخمی اہلکار کے اس انکشاف کے بعد شکوک وشبہات مزید بڑھ گئے ہیں،

زخمی اہلکار نے انکشاف کیا کہ بارودی مواد والا کمرہ مرکزی عمارت سے ہٹ کر بنایا گیا تھا، بارودی مواد ناکارہ بنانے کے بعد کمرے میں منتقل ہوتا تھا۔

دھماکا پرانے آفس میں ہوا، وہاں کافی اسلحہ پڑا تھا، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی

اس سے قبل ڈی آئی جی سی ٹی ڈی خالد سہیل کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کبل میں 2 دھماکے ہوئے، تھانے میں اسلحہ اور مارٹر گولے بھی موجود تھے، ہوسکتا ہے مارٹرگولے پھٹنے سے دھماکے ہوئے ہوں۔

مزید پڑھیں: سوات دھماکے کی ممکنہ وجہ سے متعلق ابتدائی رپورٹ جاری

انہوں نے بتایا کہ خود کش دھماکہ بھی ہوسکتا ہے، تھانے کے گیٹ پر دھماکہ نہیں ہوا، عموماً خود کش حملہ آور گیٹ پر ہی خود کو اڑا دیتا ہے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ تھانے کی عمارت پرانی تھی ، بیشتردفاتر اوراہلکار نئی عمارت میں منتقل کردیے گئے تھے۔

Blast

Sawat

ig kpk

akhtar hayat gandapur

dig ctd

khalid sohail