پاکستان ٹی 20 سیریز جتنے میں ناکام، نیوزی لینڈ نے سیریز برابر کردی
پانچ ٹی 20 میچوں کی سیریز کے آخری ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابرکردی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
آخری ٹی 20 میں نیوزی لینڈ نے مارک چیپمین کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کا 194 رنز ہدف باآسانی4 وکٹوں کے نقصان پر 4 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک چیپمین ناقابل شکست104 اور جمی نیشم 45 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کی اننگز
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے محمد رضوان کے ناقابل شکست 98 رنز کی بدولت نیوزی لینڈ کو جیت کے لئے 194 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور بابر اعظم اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 51 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
بابر اعظم 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اگلی ہی گیند پر محمد حارث بھی گولڈن ڈک پر آؤٹ ہو گئے، اگلے ہی اوور میں صائم ایوب بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گرنے کے بعد رضوان اور افتخار احمد نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور محمد رضوان نے 33 گیندوں پر 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے اپنی ففٹی مکمل کی جبکہ افتخار احمد 36 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
عماد وسیم 31 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان نے 62 گیندوں پر 98 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے بلیئر ٹکنر نے 3 اور اش سوڈھی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ کی اننگز
پاکستان کے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیویز کا آغاز مایوس کن رہا، اننگز کی پہلی ہی گیند پر کپتان ٹام لیتھم شاہین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کو دوسرا نقصان ول ینگ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 4 رنز بناکر شاہین کا شکار بنے، پاکستان کو تیسری کامیابی 26 کے مجموعی اسکور پر ملی، چاڈ باؤز 19 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ ڈیرل مچل بھی 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
73 کے مجموعی اسکور پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد چیپمین اور جمی نیشم نے ذمہ درانہ اور جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی دلواکر سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔
مارک چیپمین نے 57 گیندوں پر 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یہ ان کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کی پہلی سنچری تھی۔ اس کے علاوہ جمی نیشم 25 گیندوں پر 45 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ اور عماد وسیم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین پلیئر آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار پائے۔
پاکستان نے پہلے 2 میچز میں نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی جبکہ تیسرے میچ میں کیویز نے کم بیک کرتے ہوئے گرین شرٹس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے ہرادیا تھا۔
قبل ازیں کیوی کپتان کا کہنا تھا اس پچ پر ہدف حاصل کرنا آسان ہو گا، ہم سیریز میں واپس آگئے تھے، پچھلا میچ بارش کی نذر ہو گیا۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا وکٹ دیکھنے میں اچھی لگ رہی ہے، 190 رنز کا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔
بابر اعظم کا کہنا تھا ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، زمان خان اور فخر زمان نہیں کھیل رہے، ان کی جگہ احسان اللہ اور محمد حارث کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز دو دو سے برابر ہوگئی، ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔
Comments are closed on this story.