Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

چیف جسٹس اپنی ساس کی بجائے قوم کی بات سن کر فیصلے کریں، وزیر داخلہ

1971 کے متنازعہ الیکشن کی وجہ سے مشرقی پاکستان بنگلادیش بنا، رانا ثناء
شائع 24 اپريل 2023 07:54pm
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ۔ فوٹو — اے پی پی/ فائل
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ۔ فوٹو — اے پی پی/ فائل

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان اپنی ساس کی بجائے قوم کی بات سن کر فیصلے کریں۔

فیصل آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کہنے کو سیاستدان ہیں لیکن ان میں کوئی سیاستدانوں والی بات نہیں، وہ اپوزیشن میں ہیں تو حکومت سے بات کرنے کے روادار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں مخالف سے بات کرنے سے بہتر ہے مر جاؤں، سیاسی مخالفت کو ذاتی دشمنی بنانے سے معاشرہ نہیں چل سکتا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مشکل ترین حالات میں اپنی قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان کا عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) معاہدہ پورا کرتے یہاں تک پہنچ گئے، اب آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری ہوگئی ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر ہمیں پنجاب الیکشن میں کامیابی حاصل ہوئی تو عمران خان اسے قبول نہیں کریں گے، صوبے میں ہماری حکومت بنی تو عام انتخابات میں دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ انصاف نہیں ہوگا کیونکہ وہ الیکشن صاف و شفاف نہیں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 1971 کے متنازعہ الیکشن کی وجہ سے مشرقی پاکستان بنگلادیش بنا، اس الیکشن کے نتیجے میں اتنا فساد برپا ہوا کہ 11 سال تک ملک میں مارشل لاء لگا رہا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی ساس کی مبینہ آڈیو لیک کے ردعمل میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ چیف جسٹس اپنی ساس صاحبہ کی بجائے قوم کی بات سن کر ان کے حق میں فیصلے کریں اور ملک میں بیک وقت انتخابات کرائے جائیں۔

imran khan

Rana Sanaullah

Audio leaks

CJP Bandial

Punjab Elections

Politics April 24 2023