Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

شعیب ملک نے ثانیہ مرزا کے ساتھ نہ ہونے کی وجہ بتادی

'نواز شریف کا بہت بڑا پرستارہوں لیکن ووٹ عمران بھائی کو دوں گا'
شائع 24 اپريل 2023 09:56am

پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نے پہلی بار بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے ساتھ اپنی مبینہ طلاق کی خبروں کے بعد ان سے تعلقات کے بارے میں بات کی ہے۔

شعیب کا کہنا ہے کہ صرف ان کے اور اہلیہ کے نہیں بلکہ دنیا بھرمیں جوڑوں کے تعلقات میں اتارچڑھاؤ آتا رہتا ہے اورشاید ہی کوئی ایساشادی شدہ جوڑا ہو جن کے درمیان کبھی اختلافات نہ ہوئے ہوں۔

عید الفطر پر’جیو نیوز’ کے اسپورٹس شو اسکور میں شرکت کرنے والے شعیب سے میزبان یحییٰ حسینی نے کرکٹ کے علاوہ ان کی نجی زندگی کے حوالے سے بھی سوال کیے جن کے جواب میں شعیب نے واضح کیا کہ ثانیہ اور ان کے درمیان اختلافات نہیں ہیں۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ اہلیہ کا تعلق دوسرے ملک سے ہے تو ان کی وہاں بھی مصروفیات ہوتی ہیں، اسی لیے ایسا ہرسال ممکن نہیں ہوپاتا کہ وہ دونوں عید کے موقع پرایک ساتھ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ”ساتھ ہوتے تو بہت اچھا ہوتا لیکن ثانیہ کی اپنی بھی مصروفیات ہیں تو اس لیے ہم ساتھ نہیں ہیں۔ لیکن ہمیشہ کی طرح جو پیار محبت ہے وہی ہے اور عید مبارک بولوں گا“۔

کرکٹرکے مطابق شادی سے قبل وہ کھیل کے سلسلے میں جب وہ بیرون ملک ہوتے تھے تو عید پر والدہ اور ہن بھائیوں کو یاد کرتے تھے اورشادی کے بعد نہ صرف والدہ اور بہن بھائیوں بلکہ اہلیہ اور بچے کو بھی یاد کرتے ہیں۔ بیٹے اذہان سے دن میں 2 بار ویڈیو کال پربات کرتے ہیں۔

ثانیہ سے اختلافات اورعلیحدگی کے حوالے سے سوال پر شعیب نے مبہم انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں، مصروفیات کی وجہ سے وہ ایک ساتھ نہیں، تاہم کھلاڑی نے یہ واضح نہیں کیا کہ علیحدگی یا طلاق کی خبروں کی حقیقت کیا ہے۔

ثانیہ مرزا کی جانب سے انسٹاگرام پر اَن فالو کیے جانے سے متعلق سوال پرشعیب کا کہنا تھا کہ یہ ان کیلئے بھی ایک خبر ہے، ثانیہ نے ایسا نہیں کیا ہے۔

کرکٹرکا کہنا تھا کہ بیٹے کو بیڈمنٹن کھیلنے کازیادہ شوق ہے لیکن وہ نہ تو انہیں کرکٹ کھیلنے کاکہتے ہیں اور نہ ہی اذہان پرٹینس کھیلنے کیلئے دباؤ ہے۔

ایک اور سوال کے جواب مین شعیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا بہت بڑا پرستارہوں حتیٰ کہ میری فیملی بھی ان کی پرستار ہے لیکن اگر بات ووٹ دینے کی ہو تو میں عمران بھائی کو ووٹ دوں گا۔

عمران خان اور مریم نواز کے ٹی وی پر ایک ساتھ انٹرویو نشرہونے کی صورت میں بھی شعیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کا نام لیتے ہوئے کہا کہ وہ عمران بھائی کا ہی انٹرویو دیکھیں گے۔

واضح رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ کے درمیان گزشتہ 6 ماہ سے کشیدہ تعلقات اورطلاق کی افواہیں زیرگردش ہیں تاہم دونوں کی ہی جانب سے اس حوالے سے کھل کر تصدیق یاتردید نہیں کی گئی ۔

شعیب اور ثانیہ کی شادی 12 اپریل 2010 میں بھارتی شہرحیدرآباد مین ہوئی تھی ، ان کا ایک بیٹا اذہان مرزا ملک ہے جس کی پیدائش 30 اکتوبر2018 کو حیدرآباد بھارت میں ہی ہوئی۔

Shoaib Malik

Sania Mirza

Izhaan Mirza Malik