Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملتان میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے 2 نوجوان جاں بحق

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا
شائع 23 اپريل 2023 11:53am

اشارے پر نہ رکنے پر پولیس کی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار 2 نوجوان جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

ملتان میں گزشتہ رات پولیس کے اشارے پر نہ رکنے پر پولیس اہلکاروں نے موٹرسائیکل پر سوار 3 نوجوانوں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ عیسی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے بعد پولیس اہلکار موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک نوجوان کی شناخت عثمان کے نام سے ہوئی جو نویں جماعت کا طالب علم تھا، جب کہ فائرنگ سے19سالہ سمیع اللہ بھی جاں بحق ہوا، نوجوانوں کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں تھا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ تین نوجوان ہوٹل میں کھانا کھانے کے بعد گھر جا رہے تھے، واقعہ گزشتہ رات شاہ رکن عالم کالونی میں پیش آیا۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

واقعہ کے خلاف مقتولین کے ورثا نے احتجاج شروع کردیا۔ اہل خانہ اور دیگر شہریوں کا کہنا ہے کہ انصاف ملنے تک میتوں کی تدفین نہیں کریں گے۔

دوسری جانب نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔

محسن نقوی نے آئی جی پنجاب کو فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی و محکمانہ کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افسوسناک واقعہ کی جامع انوسٹی گیشن کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے، جاں بحق نوجوانوں کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے نوجوانوں پر فائرنگ کا کوئی جواز نہیں، لواحقین کو یقین دلاتا ہوں کہ ہر قیمت پر انصاف ہو گا۔

Target Killing

1122