Aaj News

اتوار, جنوری 12, 2025  
11 Rajab 1446  

فلمی شائقین کیلئے عید کے موقع پر 5 پاکستانی فلمیں ریلیز

ریلیز ہونے والی فلموں میں چار اردو زبان میں جبکہ ایک پنجابی فلم ہے
شائع 22 اپريل 2023 08:46pm

پاکستان بھر میں آج عید الفطر کے موقع پر 5 فلمیں ریلیز کردی گئیں۔

اس عید الفطر میں پانچ بڑی فلمیں سینماؤں کی زینت بنیں ہیں جن میں سے ایک سابق کرکٹر وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شہنیرا اکرم کی پہلی ڈیبیو فلم ’’منی بیک گارنٹی‘‘ ہے ۔

فلم کی کہانی ایک بینک ڈکیتی کے گرد گھومتی تھی۔ فلم میں دیگر اداکاروں میں فواد خان، جاوید شیخ، میکال ذوالفقار، گوہر رشید، عائشہ عمر شامل ہیں۔

ماضی کے مقبول ترین ہیرو شاہد کے بیٹے اور صحافی کامران شاہد کی فلم ’ہوئے تم اجنبی‘ بھی عید پر ریلیز کی جارہی ہے، اس کے ہدایت کار اور مصنف کامران شاہد ہیں۔

 فلم میں میکال ذوالفقار اور سعدیہ خان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ فلم کی کہانی 1971 کی جنگ اور سقوط ڈھاکا کے دوران محبت کی ان کہی داستانوں کے گرد گھومتی ہے۔

فلم میں معروف اداکار سہیل احمد اور شفقت چیمہ سمیت محمود اسلم، ثمینہ پیرزادہ، عائشہ عمر، شمعون عباسی، علی خان شامل ہیں۔

فلم میکنگ میں جلد ہی اپنا نام بنانے والے ابو علیحہ اس عید پر کراچی کی جرائم کی دنیا پر ایکشن تھرل فلم ’ دادل’ لا رہے ہیں۔ ابوعلیحہ کراچی کے حالات سے بخوبی واقف ہیں بلکہ کسی حد تک اس کا شکار بھی ہوئے ہیں۔

اسی طرح ندیم چیمہ کی ایکشن اور کامیڈی سے بھرپور فلم ’دوڑ‘بھی عید پر ہی ریلیز کی جارہی ہے اس فلم میں سلیم معراج اور شفقت چیمہ اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

چار اردو فلموں کے ساتھ ایک پنجابی فلم ’لاہور قلندر‘ بھی اس عید پر سینماؤں کی زینت بنے گی۔

Eidul Fitr

Pakistani Films