Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملکی سالمیت کیخلاف کسی بھی خطرے کو ناکام بنانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں، آرمی چیف

جنرل عاصم منیر نے پاک افغان سرحد پر تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ عید منائی
شائع 22 اپريل 2023 02:46pm

آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملکی سالمیت کو یقینی بنانے کے لئے کسی بھی خطرے کو ناکام بنانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے باجوڑ میں پاک افغان سرحد پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور سرحد پر تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ عید منائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔

سربراہ پاک فوج نے کہا کہ پاک فوج سرحدوں کے دفاع کے لئے پرعزم ہے اور افواجِ پاکستان ملکی سالمیت کو یقینی بنانے کے لئے کسی بھی خطرے کو ناکام بنانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

جنرل آصف منیر نے مزید کہا کہ محافظینِ پاکستان دشوار راستوں، سخت موسمی حالات اور اپنے پیاروں سے دور ہونے کے باوجود، اپنے فرائض کو مقدم رکھتے ہیں کیونکہ سرحدوں کی حفاظت سے زیادہ مقدس کچھ نہیں ہے۔

آرمی چیف نے شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے زور دیا کہ عید کے دن ہمیں مادر وطن کے دفاع اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیئے۔

پاک فوج کے سپہ سالار نے خصوصی طور پر شُہداء کے اہل خانہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جوانوں اور آفیسرز کی آپریشنل تیاری اور مستعدی کو بھی سراہا۔

rawalpindi

ISPR

Army Chief

COAS

Eidul Fitr

General Asim Munir

Eid ul Fitr Celebration

bajur