Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے

ملک کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات
اپ ڈیٹ 22 اپريل 2023 10:54am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل

ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

ملک کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقعد ہوئے، ملک میں امن و سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

کراچی

کراچی میں 4 ہزار سے زائد مقامات پرعیدالفطر کے اجتماعات ہوئے جبکہ اجتماعات کی سیکیورٹی کے لئے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

شہر قائد میں سب سے پہلے نماز عید سبیل والی مسجد گرومندر میں پڑھائی گئی،علمائے کرام نے اپنے خطبے میں عید الفطر کی فضلیت اور فلسفے پر روشنی ڈالی۔

ملک کی ترقی، خوشحالی اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں گئیں۔

نماز عید کے اجتماع میں بچے اور معمر افراد بھی شامل تھے، نماز عید کے بعد لوگوں نے گلے مل کر ایک دوسرے کو عید کی مبارک دی۔

اسلام آباد

ملک بھر میں عید کی خوشیاں منائی جارہی ہیں، جڑواں شہروں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے۔

اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع شاہ فیصل مسجد میں ہوا، صبح سويرے شہر کا موسم خوشگوار رہا۔

صدرمملکت عارف علوی، سفارت کاروں، سرکاری افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی

نماز عید کے بعد لوگ ایک دوسرے سے گلے ملتے اور عید کی مبارک باد دیتے رہے جبکہ بچے بھی نماز عید میں اپنے والدین کے ساتھ پرجوش نظر آئے۔

جڑواں شہرراولپنڈی میں عید کی نماز کا سب سے بڑا اجتماع لیاقت باغ میں ہوا، سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے بھی نمازعید ادا کی۔

عید کے خطبات میں ملکی سلامتی ، معاشی مشکلات کے خاتمے سمیت جڑواں شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

لاہور

ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ شہر کے متعدد مقامات پر نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقعد ہوئے، ملک میں امن و سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

لاہور میں 700 سے زائد مساجد میں نماز عید ادا کی گئی، سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد لاہور میں ہوا، جہاں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان اور چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر نے نماز عید ادا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی رہائش گاہ ماڈل ٹاون لاہور میں نماز عید ادا کی، دونوں بیٹے سلیمان شہباز اور حمزہ شہباز بھی موجود تھے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے عید کی نماز زمان پارک میں ادا کی، پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں سمیت کارکنان بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ لاہور میں عید کی نماز پڑھائی۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈار، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی، سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور، سردار لطیف کھوسہ، وفاقی وزرا خواجہ سعد رفیق، ایازصادق اور نگران صوبائی وزیر جاوید اکرم نے بھی عید کی نماز لاہور میں پڑھی۔

ملکی امن، سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لئے دعائیں کی گئیں جبکہ کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کی آزادی اور پوری امت مسلمہ کے لئے بھی دعا کی۔

اجتماعات میں سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ڈی آئی خان میں عید کی نماز ادا کی جبکہ چیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کوئٹہ میں نماز عید ادا کی۔

پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں عید کی نماز ادا کی۔

پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی اور نگراں وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے عید کی نماز گورنر ہاؤس میں ادا کی، نگراں کابینہ کے اراکین اور سرکاری افسران بھی اجتماع میں شریک تھے۔

کراچی کے پولوگراؤنڈ (باغ جناح) میں گورنر سندھ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی نے عید کی نماز ادا کی، نماز عید میں سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

صدر عارف علوی نے عید پیغام میں کہا کہ ملک کو درپیش موجودہ حالات سے نکلنے کے لیے درگزر کرنے کی ضرورت ہے، آج پاکستان کو مرحم اور درگزر کی ضرورت ہے، آج ہم لوگوں کو معاف کرنےکو تیار نہیں؟ قوم سے اپیل ہےگروہی، مذہبی اور سیاسی اختلافات کو نفرت انگیزی کا ذریعہ نہ بننے دیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نےکہا کہ اتحادی حکومت کی مسلسل کوشش رہی ہےکہ معاشی مشکلات کاکم سےکم بوجھ عوام تک پہنچے، اللہ تعالیٰ ہمیں ان آزمائشوں سے نجات عطا فرمائےگا، سب کوپاکستان کی بہتری کی تعمیری سوچ، یکسوئی اور مسلسل محنت سے کھوئی ہوئی منزل تک پہنچنا ہے۔

مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور آرمی چیف کی جانب سے بھی قوم کوعید کی مبارک باد دی گئی ہے۔

عسکری قیادت کا کہنا ہے کہ پرامن ماحول میں یہ تہوار ہمارےتمام شہدا اورغازیوں کی مرہون منت ہے، شہدا اور غازیوں کوسلام، اللہ تعالی پاکستان پراپنی رحمتوں کا سایہ برقرار رکھے۔

پاکستان

karachi

President Arif Alvi

Eidul Fitr

PM Shehbaz Sharif

Eid ul Fitr Celebration