Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیرخارجہ بلاول بھٹوشنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کیلئے بھارت جائیں گے

ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس 4 اور 5 مئی کو گوا میں ہوگا
اپ ڈیٹ 21 اپريل 2023 09:05am
تصویر/ اے ایف پی
تصویر/ اے ایف پی

پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آئندہ ماہ بھارت میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ گزشتہ ایک دہائی میں کسی اعلیٰ پاکستانی عہدیدار کا پہلا دورہ بھارت ہوگا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کا وزرائے خارجہ اجلاس چار اورپانچ مئی کو گوا میں ہوگا۔ بلاول بھٹو بھارتی ہم منصب جے شنکر کی دعوت پر بھارت جائیں گے ۔

ترجمان دفترخارجہ پاکستان ممتاز زہرہ بلوچ نے بلاول بھٹو کی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔

’’ایس سی او‘‘ سیاسی اور سلامتی تعاون کے لیے 8 رکنی سیاسی بلاک ہے جس کے ارکان میں روس، چین، بھارت، پاکستان ، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔

بھارت کئی سالوں سے پاکستان پر اسلامی علیحدگی پسندوں کی مدد کرنے کا الزام لگاتا رہا ہے جو 1980 کی دہائی کے اواخر سے کشمیر کے مقبوضہ حصے میں بھارتی سکیورٹی فورسز سے لڑ رہے ہیں۔

جوہری ہتھیاروں سے لیس دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات برسوں سے کشیدہ رہے ہیں، پاکستان بھارت کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہتا ہے کہ وہ حق خودارادیت کے خواہاں کشمیریوں کی صرف سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا ہے۔

خیال رہے کہ 2014 میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کی شرکت کے بعد سے کسی اعلیٰ پاکستانی کا یہ پہلا دورہ بھارت ہوگا۔

Bilawal Bhutto Zardari

ٰIndia