Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شوال کا چاند نظر نہیں آیا، پاکستان میں عید الفطر ہفتہ 22 اپریل کو ہوگی

شوال کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی
اپ ڈیٹ 21 اپريل 2023 08:43am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ہفتے کو عیدالفطر منانے کا اعلان کردیا۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں عیدالفطر یعنی شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیرآزاد نے اعلان کیا کہ پاکستان کے کسی مقام سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت نہیں ملی، ملک میں عید الفطر ہفتہ 22 اپریل کو منائی جائےگی۔

زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں ہوئے، تمام زونل کمیٹیوں نے اپنی رپورٹ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو بھیجیں۔

کراچی میں بھی چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، شہر قائد میں منعقدہ زونل کمیٹی نے بھی اپنی رپورٹ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ارسال کی۔

ادھر سیکرٹری اوقاف طاہر رضا بخاری کا کہنا ہے کہ لاہور میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ چاند کی عمر پوری نہیں، تاہم پنجاب سے کوئی بھی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

اس سے قبل ماہرین فلکیات نے کہا تھا کہ قوی امکان ہے کہ آج چاند نظر نہ آئے۔ چاند نظر نہ آنے کی صورت میں عید الفطر 22 اپریل بروز ہفتہ ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چاند کی پیدائش جمعرات صبح 9 بج کر 15 منٹ پر ہوچکی ہے، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 9 گھنٹے 33 منٹ ہوگی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ رویت کے لیے چاند کی عمر کم از کم 17 گھنٹے ہونا ضروری ہے، اس لئے شوال کا چاند نظر آنے کی امکانات کم ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ 20 اپریل کو سورج گرہن ہوا، جس کے باعث مختلف ممالک میں نیا چاند نظر نہیں آئے گا، 20 اپریل کو سورج گرہن صبح ساڑھے 6 بجے شروع ہوکر دوپہر 12 بجے ختم ہوا۔

ماہرین نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ جن ملکوں میں سورج گرہن دیکھا جائے گا وہاں نیا چاند نظر نہیں آئے گا۔ سورج گرہن کے منفی اثرات کی وجہ سے دنیا کے کئی ملکوں میں موسم بہت خراب ہوگا، اس صورتحال کے سبب عید الفطر 30 روزے مکمل ہونے کے بعد ہفتہ 22 اپریل 2023ء کو منائے جانے کا قوی امکان ہے۔

Ruet e Hilal Committee

Moon sighting

Eidul Fitr