Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کوئی بھی بندوق کےزور پر مذاکرات نہیں کرواسکتا، بلاول

بیک ڈور سے ون یونٹ لاگو کرنے کیلئے سازش کی جارہی ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی
اپ ڈیٹ 20 اپريل 2023 07:16pm
فوٹو ــ اسکرین گریب
فوٹو ــ اسکرین گریب

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ون یونٹ لاگو کرنے کیلئے ملک میں سازش کی جارہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ”بیک ڈور سے ایک سازش کی جارہی ہے ون یونٹ لاگو کرنے کے لئے اور اس کے لئے ہماری کافی دیر سے یہ کوشش جاری ہے کہ ہم پہلے اپنے اتحادیوں کو اس بات پر منالیں اتحادیوں کو ایک صفحہ پر لائیں، ڈائیلاگ کرنا ضروری ہیں، سیاسی مخالفین سے بھی ڈائیلاگ کرنا پڑا تو کریں گے“۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ کل بھی ون یونٹ کے خلاف تھے آج بھی مخالف ہیں اگر زبردستی کسی ایک صوبے میں خاص طور پر صوبہ پنجاب میں الیکشن پہلے کرایا جائے تو یہ چند عناصر کی ضد کی وجہ سے ہے، یہ آج کا سوال نہیں بلکہ ہمیشہ وفاق پر اس کا اثر رہے گا۔

انھوں نے کہا کہ اگر صوبے پنجاب میں الیکشن پہلے ہوئے تو دیگر صوبے نتائج تسلیم نہیں کریں گے، ہمارا پہلے روز سے ہی مؤقف ہے کہ الیکشن ایک دن ہوں، انتخابات اپنے وقت پر ہونے چاہئیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں بھی اسمبلی ٹوٹے 90 دن گزر گئے، وہاں بھی انتخابات نہیں ہوئے جبکہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات عمران خان کے دور میں قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہیں ہوئے، پنجاب کے بلدیاتی الیکشن عدالت کا حکم نہ مانتے ہوئے 5 سال میں بھی نہیں ہوسکے اور دوسری طرف سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ بھی مکمل ہوچکا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کو مذاکرات کیلئے راضی کررہے ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے پر آپ نےعمل درآمد کرنا ہے، پیپلزپارٹی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے، ہمیں بات چیت کرنی چاہیے، ہماری جمہوریت کو سنگین خطرہ ہے۔

چیرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عدالتی فیصلے مسلط کرکے سیاسی جماعتوں میں مذاکرات کا عمل ٹھیک طور پر نہیں ہوسکتا، کوئی بھی بندوق کے زور پر مذاکرات نہیں کرواسکتا، عدالتی فیصلہ بھی ایسے ہی لگ رہا ہے جیسے بندوق کے زور پر مذاکرات کروانے کا کہا جارہا ہو، عدالت کا فیصلہ اقلیتی فیصلہ زبردستی اکثریت ثابت کرکے مسلط کرنے کی کوشش کے مترادف ہے۔

انھوں نے کہا کہ سیاسی قوتوں میں بات چیت ضروری ہے اگر ہم مسائل کا حل نہیں نکالتے تو جمہوریت اور وفاق کو خطر ہے لیکن عدالتی فیصلے کے تحت مذاکرات کا عمل کیسے ٹھیک طور پر ہوسکتا ہے۔

pti

PDM

imran khan

Punjab Elections

punjab election funds