Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

سپریم کورٹ میں عمران خان کیلئے لچک ہے تو ہمارے لئے کیوں نہیں، فضل الرحمان

عدالت کو پارلیمنٹ کا احترام کرنا ہوگا، سربراہ پی ڈی ایم
شائع 20 اپريل 2023 04:35pm

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہمیں ہتھوڑے کے ذریعے کہا جا رہا ہے کہ عمران خان سے بات چیت کریں۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں مرحوم مفتی عبدالشکور کی تعزیت کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج بلاول بھٹو مفتی عبدالشکور کی تعزیت کیلئے آئے، لیکن سیاسی لوگ بیٹھتے ہیں تو سیاسی باتیں بھی ہوتی ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت اور وزرا نے فون پر بات کی ہے، میری بلاول بھٹو اور آصف زرداری سے بات ہوئی، عدالت کہہ رہی ہے کہ عمران خان سے بات کریں، اور الیکشن پر اتفاق رائے کریں، ہمیں ہتھوڑے کے ذریعے کہا جا رہا ہے کہ بات چیت کریں۔

سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ عدالت کواپنی پوزیشن کلیئرکرناہوگی، جس شخص کو نااہل ہونا تھا عدالت اسے سیاست کا محور کہہ رہی ہے، ہم عمران خان کوجرائم کی بنیاد پر نااہل سمجھتے ہیں، جس شخص کو سیاست میں ہی نہیں ہونا چاہیئے اس سے کیسے مذاکرات کریں، ایک شخص کو خوش کرنے کیلئے پوری قوم کو مشکل میں ڈالا جارہا ہے، عدلیہ واضح فریق بن گئی ہے، استعفیٰ دے سیاست میں آئے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے اختیار میں کوئی مداخلت نہیں کرسکتا، اس بینچ پر پارلیمنٹ میں کئی قراردادیں منظور ہوئی ہیں، عدالت کو پارلیمنٹ کا احترام کرنا ہوگا، ہم اس پورے عمل کو غیرسیاسی سمجھتے ہیں، ہم نے کہا عدالت واضح کرے کہ عدالت ہے یا پنچائت، جبری فیصلے مسلط کیے تو عوام کی عدالت میں جائیں گے، سپریم کورٹ اپنے رویے میں لچک پیدا کرے، عمران خان کیلئے لچک ہو سکتی ہے تو ہمارے لئے کیوں نہیں، ایک شخص کو خوش کرنے کیلئے سب کو پریشان کیا جا رہا ہے۔

imran khan

Supreme Court of Pakistan

Molana Fazal ur Rehman