Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلاول بھٹو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے بھارت جائیں گے

ایس سی او کے موجودہ چیئرمین ایس جے شنکر نے بلاول بھٹو کو دعوت دی ہے، دفترخارجہ
اپ ڈیٹ 20 اپريل 2023 03:45pm

دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھارت میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری 4 اور 5 مئی کو بھارت کے شہر گووا میں منعقدہ وزرائے خارجہ اجلاس میں شریک ہوں گے، اور ان کے ہمراہ پاکستانی وفد بھی ہوگا۔

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ بلاول بھٹو اپنے بھارتی ہم منصب اور ایس سی او کے موجودہ چیئرمین ایس جے شنکر کی دعوت پر وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔

ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ اجلاس میں شرکت شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر سے ہماری وابستگی اور خطے کے لیے خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں پاکستانی عزم کی اہمیت کی عکاس ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم سے دیرینہ وابستگی کے باعث اجلاس میں شرکت کرتا ہے، تنظیم کا موسمیاتی تحفظ کے بارے میں چوتھا وزارتی اجلاس 18 اپریل 2023 کو نئی دہلی میں آن لائن منعقد ہوا تھا۔

Bilawal Bhutto Zardari