Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بجلی چوری روکنے پر چیف انجنیئر پیسکو کو قتل کی دھمکیاں

دھمکی آمیز کالز کے بعد میرے گھر آکر اہل خانہ کو ہراساں کیا گیا، چیف پیسکو انجنیئر طاہر
شائع 20 اپريل 2023 02:31pm

پیسکو کے چیف انجنیئر طاہر کا کہنا ہے کہ بجلی کی چوری روکنے پر اسے قتل کی دھمکیاں اور گھر والوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔

بجلی کی چوری کو روکنا پیسکو حکام کے لئے وبال جان بن گیا ہے، جرم روکنے کی اس پاداش میں مبینہ طورپر نامعلوم افراد دھمکی آمیز کالز کرکے حکام کو دھمکا رہے ہیں۔

پیسکو کے چیف انجنیئر طاہر نے انکشاف کیا ہے کہ کچھ عرصہ قبل آئس اور کولڈ اسٹوریج کمپنی میں چھاپہ مار کر بجلی چوری پکڑی تھی، جس کے بعد سے کمپنی کے مالک اقبال کی جانب سے مجھے دھمکی آمیز کالز آرہی ہیں، اور کہ رہا ہے کہ میں تمہیں نہیں چھوڑوں گا، تمہاری سپاری دے دی ہے۔

چیف انجنیئر طاہر نے اپنے بیان میں مزید بتایا کہ دھمکی آمیز کالز کے بعد میرے گھر آکر اہل خانہ کو ہراساں کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈائریکٹر ایس این ڈی آئی محمد شکیل نے بھی تصدیق کی ہے کہ کوہاٹ میں اطلاع تھی کہ کارخانے میں چوری کی بجلی استعمال کی جارہی ہے، اور کافی عرصہ سے کارخانہ چوری کی بجلی سے ہی چل رہا ہے، کارخانے کے مالک کے خلاف تھانہ فقیر آباد میں ایف آئی آردرج کرائی گئی ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر پیسکو عارف محمود سدوزئی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں بجلی چوری بہت ہے، اس کے باوجد رمضان کے دوران سحری اورافطاری کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری رکھی گئی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر پیسکو نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بجلی چوری کرنے کی وجہ سےلوڈشیڈنگ کی جارہی ہیں، ریکوری میں مشکلات کا سامنا ہے۔

WAPDA