کسی کو کسانوں کے حق پر ڈاکا ڈالنے نہیں دوں گا، وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف کہنا ہے کہ کسانوں کی خوشحالی اورزراعت کی ترقی اولین ترجیح ہے، کسی کو کسانوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دوں گا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت یوریا کھاد کی پیداوار اور بجلی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ جس میں ملک میں یوریا کھاد کی پیداوار، یوریا صنعت کو گیس کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، اور موسم گرما میں بجلی کی پیداوار اور متوقع طلب کے حوالے سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔
وزیراعطم نے پاور ڈویژن کو ہدایت جاری کی کہ موسم گرما میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم رکھی جائے، جب کہ نیلم جہلم منصوبے کی بحالی پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے، یوریا کی پیداوار اور اسکی کھپت کو مد نظر رکھتے ہوئے صنعتوں کو گیس کی فراہمی اور بفر اسٹاکس کا ایک جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں یوریا کی بروقت پیداوار اور اس کی کسانوں تک ترسیل یقینی بنائی جائے، حکومت کسانوں کی فی ایکڑ لاگت کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے کسانوں کی خوشحالی اور شعبہ زراعت کی ترقی کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے، حکومت پیداواری لاگت کم کرنے کیلئےاقدام کررہی ہے، یوریا اسمگلنگ سے کسی کو کسانوں کے حق پر ڈاکا ڈالنے نہیں دوں گا، یوریا کھاد کی طلب و رسد کی کڑی نگرانی کی جائے۔
Comments are closed on this story.